رسائی کے لنکس

آئی ایس آئی کے نئے سربراہ نے ذمہ داریاں سبنھال لیں


آئی ایس آئی کے نئے سربراہ کی وزیراعظم گیلانی سے ملاقات
آئی ایس آئی کے نئے سربراہ کی وزیراعظم گیلانی سے ملاقات

لیفٹیننٹ جنرل ظہیر الاسلام نے پیر کو پاکستانی فوج کے جاسوسی کے ادارے، آئی ایس آئی، کے نئے ڈائریکٹر جنرل کا منصب سنبھال لیا ہے۔

ایک سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آئی ایس آئی کے نئے سربراہ نے بعد میں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات میں ’’قومی سلامتی‘‘ سے متعلق اُمور کی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے اُن پر اعتماد کا اظہار کرنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔

’’وزیراعظم نے اُن کے لیے نیک خواہشات اور اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ (آئی ایس آئی کا) ادارہ اُن (جنرل ظہیر الاسلام) کی قیادت میں قومی مفادات سے متعلق اپنی خدمات بہترین انداز میں انجام دے گا۔‘‘

مزید برآں مسٹر گیلانی نے کہا کہ آئی ایس آئی سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کا ایک اہم حصہ ہے جس کا کام قومی مفادات کا پاکستانی عوام کی خواہشات کو پیش نظر رکھتے ہوئے تحفظ کرنا ہے۔

جنرل ظہیر الاسلام کے پیش رو احمد شجاع پاشا مدت ملازمت پوری کرنے کے بعد گزشتہ ہفتے اپنے عہدے سے سبکدوش ہو گئے تھے۔

اُدھر ائیر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ نے پیر کو پاکستان فضائیہ کے نئے سربراہ کے عہدے کا چارج سنھبال لیا ہے۔ بطور ائیر چیف اپنی تین سالہ مدت پوری کرنے والے راؤ قمر سلیمان نے اسلام آباد میں فضائیہ کے ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک تقریب میں قیادت کی شمشیر نئے سربراہ کو سونپی۔

XS
SM
MD
LG