رسائی کے لنکس

اسرائیل پر راکٹ حملے، جوابی کارروائی میں چار فلسطینی ہلاک


اسرائیل نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے منگل کی رات اور بدھ کو غزہ پر کئی فضائی حملے کرکے چار فلسطینیوں کو ہلاک کردیا۔ جن میں سے تین عسکریت پسند تنظیم حماس کے رکن تھے ۔

غزہ کی پٹی سے جنوبی اسرائیل پر درجنوں ر اکٹ داغے گئے جن کی زد میں آکر کئی افراد زخمی ہوگئے۔ راکٹ حملوں کے جواب میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے کارروائی کرتے ہوئے غزہ میں چار عسکریت پسندوں کو ہلاک کردیا۔

اسرائیلی فوج نے کہاہے کہ بدھ کو ملک کے جنوبی حصے میں کم ازکم 68 راکٹ اور مارٹر گولے گرے جن سے گھروں کو نقصان پہنچا اور غزہ کی سرحد کے قریب کھیتوں میں کام کرنے والے کئی غیر ملکی مزور زخمی ہوگئے۔

فوج کا کہناہے کہ اسرائیلی علاقے پر راکٹ حملے منگل کودیر گئے شروع ہوئے جس کے بعد احتیاطی اقدام کے طورپر سرحد کے قریب واقع اسکول بند کردیے گئے۔

اسرائیل نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے منگل کی رات اور بدھ کو غزہ پر کئی فضائی حملے کرکے چار فلسطینیوں کو ہلاک کردیا۔ جن میں سے تین عسکریت پسند تنظیم حماس کے رکن تھے ۔

اسرائیلی حملوں سے متعدد افراد زخمی بھی ہوئے۔

حماس اور ایک چھوٹے عسکریت پسند گروپ نے اسرائیل پر راکٹ حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے کہاہے کہ مذکورہ حملے اسرائیلی جارحیت کے جواب میں کیے گئےتھے۔

منگل کی صبح عسکریت پسندوں نے غزہ اور اسرائیل کی سرحد پر نصب باڑ پر ایک بم دھماکہ کیا جس سے ایک اسرائیلی فوجی زخمی ہوگیا۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نتن یاہو نے کہاہے کہ حملے کا سخت جواب دیا جائے گا۔

حماس کے ارکان نے اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ وہ غزہ کو امیر قطر کی میزبانی کرنے کی سزا دینا چاہتاہے جنہوں نے منگل کی صبح غزہ کا دورہ کیا تھا۔

امیر قطر شیخ حماد بن خلیفہ الثانی کا یہ دورہ 2007ء کے بعد سے، جب سے غزہ کا کنٹرول حماس نے سنبھالا ہے، کسی غیر ملکی سربراہ کا پہلا دورہ تھا۔

حماس کا کہناہے کہ قطر کے سربراہ کادورہ ، غزہ کی سیاسی اور اقتصادی تنہائی ختم کرنے کی کوششوں میں ایک نمایاں کامیابی ہے۔
XS
SM
MD
LG