رسائی کے لنکس

مشی گن: 'اِسنا' کے سالانہ کنونشن کا آغاز


اس سال تنظیم کے سالانہ کنونشن کا موضوع 'جنریشن رائز' ہے جس کا مقصد مسلمانوں کی نئی نسل پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔

براعظم شمالی امریکہ میں مسلمانوں کی سب سے بڑی تنظیم نے عراق میں سرگرم شدت پسند گروہ 'دولتِ اسلامیہ' کو اسلام اور دنیا کے لیے ایک بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔

'اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکہ (اِسنا)' کے صدر امام محمد ماجد نے کہا ہے کہ 'دولتِ اسلامیہ' (سابق 'داعش') اسلام کو بدنام کرنے کے ساتھ ساتھ پوری دنیا کو نقصان پہنچارہی ہے ۔

جمعے کو امریکی ریاست مشی گن کے شہر ڈیٹرائٹ میں 'اِسنا' کے 51، ویں سالانہ کنونشن کے آغاز سے قبل ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امام ماجد نے کنونشن کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔

'اِسنا' شمالی امریکہ میں مسلمانوں کی سب سے بڑی تنظیم ہے جو علاقے میں بسنے والے مسلمانوں کی ترقی کے لیے کام کرتی ہے۔ اس سال تنظیم کے سالانہ کنونشن کا موضوع 'جنریشن رائز' ہے جس کا مقصد مسلمانوں کی نئی نسل پر توجہ مرکوز کرنا ہے۔

امام ماجد نے صحافیوں کو بتایا کہ کنونشن کے چار روز کے دوران لگ بھگ 300 دانشور، مذہبی رہنما اور ماہرین مسلمانوں کو درپیش مختلف مسائل اور موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔

ریاست مشی گن کے گورنر رِک سینڈر امام ماجد کے ہمراہ جمعے کی نماز کے بعد کنونشن کا افتتاح کریں گے جب کہ اجتماع کے دوسرے روز امریکہ کے سابق صدر جمی کارٹر مہمانِ خصوصی ہوں گے۔

امریکہ میں مسلمانوں کے چند بڑے اجتماعات میں شمار ہونے والا یہ کنونشن ایک ایسے وقت میں ہورہا ہے جب شام، عراق، نائجیریا اور کئی دیگر ملکوں میں عسکریت پسند گروہوں کی کارروائیاں شدت اختیار کرگئی ہیں۔

گزشتہ روز ذرائع ابلاغ میں بعض ایسی اطلاعات بھی آئی ہیں جن کے مطابق کم از کم دو امریکی شہری شام میں شدت پسند گروہوں کے ساتھ لڑتے ہوئے ہلاک ہوئے ہیں۔

امریکی اور یورپی حکومتیں اس بارے میں تشویش کا شکار ہیں کہ بیرونِ ملک سرگرم انتہا پسند گروہوں سے منسلک ان کے شہری جب اپنے ملکوں کو واپس لوٹیں گے تو ان ملکوں میں دہشت گرد حملوں کا امکان بڑھ سکتا ہے۔

کنونشن کے شرکا اور مقررین ان معاملات پر بھی گفتگو کریں گے۔ منتظمین کا خیال ہے کہ اس سال تقریباً 10 ہزار افراد کنونشن میں شریک ہوں گے۔

XS
SM
MD
LG