رسائی کے لنکس

اسرائیل کی مصری علاقے میں ڈرون حملے کی تردید


اسرائیلی وزیر دفاع
اسرائیلی وزیر دفاع

اسرائیلی وزیردفاع نے کہا کہ ان کا ملک مصر کی فوج کی طرف سے جزیرہ نما سینا میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے سے آگاہ ہے اور اسے ’’سراہتا‘‘ ہے۔

اسرائیل کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ان کا ملک مصر کے ساتھ امن معاہدے کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی ’’ افواہ یا قیاس آرائی‘‘ کی اجازت نہیں دے گا۔

موشے یعالون کا یہ بیان ہفتہ کو رات دیر گئے ان خبروں کے ردعمل کے طور پر سامنے آیا جس میں کہا گیا تھا کہ مصر میں اسرائیلی ڈرون حملے میں چار شدت پسند ہلاک ہوگئے۔

یعالون کا کہنا تھا کہ اسرائیل ’’مصر کی خودمختاری کا احترام کرتا ہے۔‘‘

وزیردفاع نے کہا کہ اسرائیل مصر کی فوج کی طرف سے جزیرہ نما سینا میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے سے آگاہ ہے اور اسے ’’سراہتا‘‘ ہے۔

مصر کے شمالی سینائی خطے میں سرگرم ایک شدت پسند گروپ نے ایک جہادی ویب سائٹ پر جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا تھا کہ اسرائیل سے اڑنے والے ڈرون طیارے کے حملے میں چار جنگجو مارے گئے۔

اس بیان میں کہا گیا کہ جمعہ کو یہ فضائی کارروائی اس وقت کی گئی جب عرب جنگجو اسرائیل پر راکٹ حملوں کی تیاری کررہے تھے۔

مصر اور اسرائیل کے درمیان تعاون کے باوجود حکام ایسے واقعات کی کھلے عام تصدیق نہیں کرتے۔

گزشتہ ماہ صدر محمد مرسی کو برطرف کیے جانے کے بعد سے جزیرہ نما سینا میں شدت پسندوں کی طرف سے مصر کی سکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
XS
SM
MD
LG