رسائی کے لنکس

غزہ امداد لے جانے والا ایک اور جہاز اسرائیل کے قبضے میں


اسرائیل نے غزہ کے لیے امدادی سامان لے جانے والے ایک بحری جہاز کو ہفتے کو روز تحویل میں لے لیا ہے ۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ آئرش جہاز”ریچل کوری“ کو متعدد بار خبردار کیے جانے کے بعد روکا گیا جب کہ اس پر سوار فلسطین کے حامیوں کی طرف سے انھیں کسی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
جہاز پر تقریباً 20ٹن وزنی امدادی سامان اور امدادی کارکنان سوار تھے۔اسرائیلی وزیراعظم بنیامن نتن یاہو نے اپنی فوج کو ہدایت کی تھی کہ کارکنوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچنا چاہیے۔
اسرائیل نے بحری جہاز سے جنوبی بندرگاہ اشدود جانے کی درخواست کی تھی جہاں اقوام متحدہ کے نمائندے اور آئرلینڈ کے حکام امدادی سامان کی جانچ پڑتال کرنے کے بعد اسے غزہ کی طرف روانہ کیا جاسکے۔
رواں ہفتے امدادی سامان غزہ لے کر جانے والے جہازوں کو اسرائیل کی طرف سے روکے جانے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔ پیر کے روز ایک امدادی بحری بیڑے پر اسرائیل کی طرف سے کیے جانے والے حملے میں نو افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
جمعے کو امریکی محکمہ خارجہ نے اس بات پر زور دیا تھا کہ تمام فریقین مزاحمت سے گریز کریں۔ ترجمان پی جے کرولی کا کہنا تھا کہ امریکی حکام اس صورتحال کے حوالے سے آئرلینڈ کی حکومت اور دیگر ممالک سے رابطے میں ہیں۔وائٹ ہاؤس کے ترجمان مائیک ہیمر نے کہا ہے کہ امریکہ کا ماننا ہے کہ غزہ کے لوگوں کو امداد کی فراہمی اولین ترجیح ہونی چاہیے ۔

فلسطینیوں کے 19 حامی اور عملے کے ارکان اس کوشش میں تھے کہ اسرائیل نے تین سال سے غزہ میں امدادی سامان کی جو نا کہ بندی کر رکھی ہے اسے توڑا جائے اور بیس ٹن سامان علاقے میں پہنچایا جائے۔

ترکی نے پیر کے مہلک حملے پر اسرائیل کی مذمت کی ہے اور دھمکی دی ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات منقطع کر لے گا۔ ترکی ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ ان کا ملک عالمی عدالت میں اسرائیل کے خلاف مجرمانہ کارروائی کا مقدمہ بھی دائر کر سکتا ہے۔

ہفتے کے روزاستنبول میں ہزاروں افراد نے اسرائیلی حملے کے خلاف مظاہرہ کیا۔ لندن میں بھی ایک بڑا مظاہرہ ہوا جہاں فلسطینیوں کے حامی مظاہرین نے اسرائیل مخالف نعرے لگائے اور کتبے ہوا میں بلند کیے۔ انہوں نے اسرائیلی سفارت خانے تک مارچ کیا۔

ہفتے کے روز کئی اور شہروں میں بھی مظاہرے ہوئے جن میں پیرس بھی شامل ہے۔

اقوامِ متحدہ کے انسانی حقوق سے متعلق پروگرام کی چیف ناوی پِلےّ نے ہفتے کے روز کہا کہ ہو سکتا ہے اسرائیل کی جانب سے ناکہ بندی غیر قانونی ہو۔

انہوں نے کہا کہ عالمی حقوق ِ انسانی کے معیاروں کے مطابق جنگ کے حربے کے طور پر شہریوں کو کھانے سے محروم کر دینا غیر قانونی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں پر اجتماعی سزا نافذ کرنا بھی غیر قانونی ہے۔

XS
SM
MD
LG