رسائی کے لنکس

نیتن یاہو وطن واپس، تعمیر کا مسئلہ جوں کا توں


اسرائیلی وزیرِ اعظم بن یامین نیتن یاہو واشنگٹن میں مذاکرات کے بعد وطن لوٹ رہے ہیں لیکن مشرقی یروشلم میں اسرائیل کے تعمیراتی منصوبے کے بارے میں امریکہ اور اسرائیل کے درمیان تنازع حل نہیں کیا جا سکا۔

توقع ہے کہ نیتن یاہو آج جمعرات کو دیر گئے تل ابیب پہنچنے کے بعد اپنی سات رکنی کابینہ کے ارکان کو امریکی صدر براک اوباما اور دوسرے امریکی حکام کے ساتھ اپنی بات چیت سے آگاہ کریں گے۔

امریکہ سے روانہ ہونے سے قبل نیتن یاہو نے کہا کہ انہوں نے اسرائیل فلسطین امن عمل کو بحال کرنے کے سلسلے میں وائٹ ہاؤس کے ساتھ بات چیت میں پیش رفت کی ہے جب کہ اسرائیل کے قومی مفادات کو بھی برقرار رکھا ہے۔

وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر اوباما نے منگل کے روز نیتن یاہو سے مذاکرات میں ان سے کہا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے ساتھ بالواسطہ مذاکرات کے لیے اقدامات کریں۔

امریکہ نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کے لیے ثالثی کی پیش کش کی ہے۔

امریکی حکام نے مشرقی یروشلم میں یہودیوں کے لیے بستی بسانے کے اسرائیلی منصوبے کی مخالفت کی تھی۔ اس علاقے پر 1967ء کی جنگ میں اسرائیل نے قبضہ کر لیا تھا لیکن فلسطینی یہاں پر مستقبل میں اپنا دارالحکومت بنانا چاہتے ہیں۔

لیکن دوسری طرف وزیرِ اعظم نیتن یاہو کا کہنا ہے کہ اسرائیل تمام یروشلم کو بستی نہیں بلکہ اپنا دارالحکومت سمجھتا ہے۔

XS
SM
MD
LG