رسائی کے لنکس

اسرائیل براہ راست امن مذاکرات کے لیے تیار ہے: وزیر اعظم


اسرائیلی وزیرِ اعظم بنجامن نتن یاہو نے مشرقِ وسطیٰ کے لیے امریکہ کے خصوصی ایلچی جارج مِچل سے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کے ساتھ براہِ راست امن مذاکرات پر تیار ہے۔

بدھ کے روز نامہ نگاروں سےباتیں کرتے ہوئے مسٹر نتن یاہو نے بغیر پیشگی شرائط کے بات چیت پر زور دیا، یہ کہتے ہوئے کہ، ‘آئیے، شروع کیے دیتےہیں۔ ’

مِچل نے اسرائیلی وزیرِ اعظم سے کہا کہ امریکہ اسرائیل کے مقاصد سے متفق ہے اور اسرائیل کے رہنماؤں کے ساتھ ساتھ فلسطینی صدر محمود عباس کے ساتھ کام جاری رکھے گا۔

منگل کے دِن ہونے والی ملاقات میں مِچل، مسٹر عباس کو اسرائیل کے ساتھ براہِ راست بات چیت پر رضامند کرنے میں ناکام رہے۔ فلسطینی رہنما چاہتے ہیں کہ پہلے ایجنڈا اور مذاکرات کا نظام الاوقات طے ہونا چاہیئے۔

فلسطینی اِس بات کا بھی مطالبہ کرتے رہے ہیں کہ اُس قطعہ اراضی پر اسرائیلی آبادکار ی بند کی جائے جِس پر فلسطینی اپنی مستقبل کی ریاست قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔

اوباما انتظامیہ کوشاں ہے کہ اگلے ماہ کے اوائل تک اسرائیل فلسطینی مذاکرات پھر سے شروع ہوجائیں۔ مسٹر عباس اور مسٹر نتن یاہو کے پیش رو سابق اسرائیلی وزیرِ اعظم ایہود اولمرٹ کے درمیان بات چیت دسمبر 2008ء میں منقطع ہوگئی تھی۔

XS
SM
MD
LG