رسائی کے لنکس

اسرائیلی بحریہ کی فائرنگ سے چار فلسطینی ہلاک


اسرائیلی حکام نے کہا ہے کہ بحری افواج نے غزہ کے ساحلی علاقے میں ایک کشتی پر فائرنگ کر کے چار فلسطینی ” عسکریت پسندوں“ کو ہلاک کر دیا ۔ پیر کو الصبا ح فائرنگ کے اس واقعے کے بعد اسرائیلی عہدیداروں نے بتایا کہ کشتی میں سوار افراد نے غوطہ خوری یا ”ڈائیونگ“ لباس پہن رکھا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ کشتی میں سوار فلسطینی افراد اسرائیلی اہداف پر حملہ کرنا چاہتے تھے جسے روکنے کے لیے اُن پر فائرنگ کی گئی تاہم مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

لیکن فلسطینی حکام کے مطابق چاروں افراد فلسطین کے بحری یونٹ کے اہلکار تھے جو غزہ کے سمندر میں تربیتی مشق میں مصروف تھے۔ ان کی لاشیں غز ہ کے مرکزی ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں جہاں طبی شعبے کے عہدیداروں نے بتایا ہے کہ ہلاک ہونے والے افراد میں سے دوسر میں متعدد گولیاں لگنے سے ہلاک ہو ئے ہیں۔

فائرنگ کا حالیہ واقعہ ایسے وقت ہوا ہے جب ایک ہفتے قبل غزہ امداد لے کر جانے والے بحری بیٹرے کو روکنے کے دوران اسرئیلی فوجیوں کی فائرنگ سے کم از کم نو افراد ہلاک ہو گئے تھے جس کے بعد بین الاقوامی برادری کے طرف سے اسرائیل پر شدید تنقید کی گئی۔

اقوام متحدہ نے اس حملے کی بین الاقوامی کمیشن کے ذریعے تحقیقات کرانے کی تجویز دی تھی لیکن اسرائیل نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان گی مون کی اس تجویز کو مسترد کر دیا ہے۔

XS
SM
MD
LG