رسائی کے لنکس

مشرق وسطیٰ: بالواسطہ مذاکرات کا دوسرا مرحلہ، مسٹر مچل کی نتن یاہو سے ملاقات


مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی ایلچی جارج مچل نے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان بالواسطہ مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے سلسلے جمعرات کے روز یروشلم میں اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نتن یاہو سے ملاقات کی۔

یہ ملاقات یروشلم میں مسٹر نتن یاہو کے دفتر میں ہوئی۔ ملاقات سے متعلق کوئی معلومات جاری نہیں کی گئیں، لیکن اسرائیلی میڈیا نے خبردی ہے کہ وزیر اعظم اچھی خواہشات کے اظہار کے طور پر فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور مغربی کنارے کے گرد کچھ رکاوٹیں ہٹانے کے ایک پیکیج کی پیش کش کی تیاری کررہے ہیں۔

بدھ کے روز مسٹر مچل نے فلسطینی صدر محمودعباس سے رملہ میں ملاقات کی تھی۔

فلسطینیوں کے اعلی مذاکرات کار صائب اراکات نے کہا ہے کہ مذاکرات سرحدوں اور مستقبل کی فلسطینی ریاست پر مرکوز ہیں۔

فلسطینی ان علاقوں پر اپنی ایک ریاست قائم کرنا چاہتے ہیں جن پر 1967ء کی جنگ کے دوران اسرائیل نے قبضہ کرلیاتھا، جس کا دارلحکومت وہ یروشلم کو بنانا چاہتے ہیں۔ وہ اسرائیل سے ان علاقوں میں تعمیرات روکنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

مسٹر نتن یاہو کچھ شرائط اور مشرقی یروشلم کے بغیر ایک فلسطینی ریاست کا تصور قبول کرچکے ہیں ۔

مسٹر مچل دونوں فریقوں کے درمیان فاصلے کم کرنے میں مدد کےلیے چارمہینوں تک بالواسطہ مذاکرات کے سلسلے میں ان کے درمیان آنا جانا جاری رکھیں گے۔

XS
SM
MD
LG