رسائی کے لنکس

یہ براہِ راست بات چیت کا وقت نہیں: الفتح پارٹی


فلسطین اسرائیل امن
فلسطین اسرائیل امن

فلسطینی صدرمحمود عباس کی فتح پارٹی نے کہا ہے کہ فی الحال اسرائیل اور فلسطینیوں کےمابین براہِ راست مذاکرات نہیں ہونے چاہئیں۔

فتح کی طرف سے جمعرات کو جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی ثالثی میں ہونے والی بالواسطہ بات چیت میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ اُنھوں نے خبردار کیا کہ کسی پیش رفت کے بغیر براہِ راست مذاکرات کی کوئی کوشش فلسطینی مؤقف کو نقصان پہنچائے گی۔

فتح کی طرف سےبراہِ راست بات چیت سے انکار اُسی روز سامنے آیا ہےجب مشرقِ وسطیٰ کے بارےمیں امریکہ کے خصوصی ایلچی جارج مچیل فلسطینی صدر سے ملاقات سمیت ، اسرائیلی اور فلسطینی رہنماؤں سے بات چیت کے دوسرے دورکے لیے علاقے میں ہیں۔

جمعرات کے دِن واشنگٹن میں امریکی محکمہ ٴ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ امریکہ کو پختہ یقین ہے کہ آخرِ کار فریقین براہِ راست بات چیت کی طرف آئیں گے، اور مچیل کا دورہ مذاکرات کے عمل میں ضروری اعتماد بحال کرنے پر مرتکز ہوگا۔

مسٹر عباس نے اِس سے قبل کہا تھا کہ اِس مرحلے پر براہِ راست مذاکرات وقت ضایع کرنے کے مترادف ہوگا۔ اسرائیلی وزیرِ اعظم بینجامن نتن یاہو نے کہا ہے کہ یہ براہِ راست بات چیت شروع کرنے کے لیے صحیح وقت ہے۔

امریکہ گذشتہ مئی سے اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان بالواسطہ بات چیت کے لیے ثالثی کے فرائض انجام دے رہا ہے۔

XS
SM
MD
LG