رسائی کے لنکس

مشرقِ وسطیٰ کشیدگی، چار فلسطینی ہلاک


کشیدگی کی یہ لہر ایک ماہ قبل یروشلم کی الاقصیٰ مسجد کے معاملے پر شروع ہوئی، جس مقام کو یہودی ’ٹمپل آف ماؤنٹ‘ کہتے ہیں۔ فلسطینی اسرائیل پر الاقصیٰ کے احاطے پر قبضہ جمانے کا الزام لگاتے ہیں

اسرائیل میں چاقو سے کیے جانے والے حملوں کی لہر جاری ہے، اور مزید چار فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں۔ اِن میں سے دو ہلاکتیں یروشلم اور اس کے مضافات میں واقع ہوئیں، جب کہ مزید دو مغربی کنارے کے قصبے، الخلیل میں ہوئیں۔

ادھر، الخلیل میں پانچویں فلسطینی کو اُس وقت گولی ماری گئی جب وہاں چاقو سے وار کرنے کا تیسرا حملہ ہوا۔ تاہم، حکام نے یہ نہیں بتایا آیا وہ ہلاک ہوئے ہیں۔

رابرٹ برجر نے یروشلم سے ’وائس آف امریکہ‘ کو بھیجی گئی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ الخلیل کے دو قصبوں سمیت، مغربی کنارے میں چاقو سے حملہ کرنے کے متعدد واقعات ہوئے ہیں، جس پر اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی مظاہرین پر آنسو گیس کے گولے پھینکے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایک فلسطینی نے ایک نو آباد یہودی پر چاقو سے حملہ کیا، جو اسلحے سے لیس تھا اور جوابی کارروائی کرکے فلسطینی کو ہلاک کردیا۔

پھر ایک فلسطینی خاتون نے ایک اسرائیلی خاتون پولیس اہل کار پر چاقو سے وار کیا، جس پر اہل کار نے اُسے گولی مار کر ہلاک کیا۔

کشیدگی کی یہ لہر ایک ماہ قبل یروشلم کی الاقصیٰ مسجد کے معاملے پر شروع ہوئی، جس مقام کو یہودی ’ٹمپل آف ماؤنٹ‘ کہتے ہیں۔ فلسطینی اسرائیل پر الاقصیٰ کے احاطے پر قبضہ جمانے کا الزام لگاتے ہیں۔

شہر کی سڑک پر ایک فلسطینی مرد نے بتایا کہ چاقو سے کیے جانے والے حملے الاقصیٰ میں اسرائیلی اقدامات کا ایک قدرتی رد عمل ہیں۔

اسرائیلی حکومت کے ترجمان، مارک ریجیو نے اس تاثر کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل متنازع متبرک مقام کی حیثیت میں کسی طرح کی تبدیلی کی کوشش نہیں کر رہا ہے۔

بقول اُن کے، ’یہ بات واضح ہونی چاہیئے کہ تشدد کی اِن کارروائیوں کی بنیاد نفرت پر مبنی ہے، جو غیر حقیقت پسندانہ ہے۔ یہ من گھڑت الزامات جن میں بتایا جاتا ہے کہ ٹیمپل ماؤنٹ پر مسلمانوں کے مقدس مقامات کو کوئی خطرہ لاحق ہے۔ یہ بے بنیاد اور مضحکہ خیز بات ہے‘۔

اسرائیل نے پولیس اور فوج کی سینکڑوں پر مشتمل نفری اپنے شہروں کی طرف روانہ کر دی ہے۔ تاہم، وہ ابھی تک تشدد کی کارروائیوں کو روکنے میں ناکام رہے ہیں۔ فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ کشیدگی تب تک جاری رہے گی جب تک اسرائیل مشرقی یروشلم، مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی پر کیا گیا قبضہ خالی نہیں کر دیتا۔

XS
SM
MD
LG