رسائی کے لنکس

استنبول: نائیٹ کلب پر حملہ، 39 افراد ہلاک


ترکی کے شہر استنبول میں ایک نائیٹ کلب پر حملے میں 15 غیر ملکیوں سمیت 39 افراد ہلاک ہو گئے۔

استنبول کے گورنر وسیب ساہن نے ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 69 افراد زخمی بھی ہوئے۔

سال نو کا جشن منانے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ نائیٹ کلب میں موجود تھے۔

استنبول کے گورنر نے اسے ایک دہشت گرد حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل تھا۔

اطلاعات کے مطابق زخمی ہونے والوں میں کئی غیر ملکی شہری بھی شامل تھے۔

گورنر کے مطابق ’دہشت گرد‘ نے دور سے نشانہ بنانے والے ہتھیار کا استعمال کیا۔

رینا نائٹ کلب استنبول کے ایک پوش علاقے میں واقعہ ہے اور وہ غیر ملکیوں میں بھی مقبول ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق جب حملہ کیا گیا تو اس وقت کلب میں لگ بھگ 600 افراد موجود تھے۔

مقامی میڈیا کی اطلاع کے مطابق حملہ آور نے وہاں داخلے سے قبل ایک پولیس اہلکار اور ایک شہری کو ہلاک کیا، لیکن اس حملے کے بارے میں مزید تفصیلات ابھی واضح نہیں ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق حملہ آور سینٹا کلاز کے لباس میں تھا لیکن اس بارے میں حکام کی طرف سے تاحال کچھ نہیں کہا گیا۔

ترکی میں حالیہ مہینوں میں دہشت گرد حملوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

19 دسمبر کو ترکی میں روس کے سفیر کو انقرہ میں ایک تقریب میں فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG