رسائی کے لنکس

افریقی تارکین وطن: یورپی یونین کی چار کروڑ ڈالر کی امداد


ایک طویل مدت سے لیمپے ڈوسا جزیرے کے باشندوں کو یہ شکایت رہی ہے کہ اُنھیں ہر سال ہزاروں کی تعداد میں نئے پناہ گزینوں سے واسطہ پڑتا ہے، جب کہ اس معاملے سے نمٹنے کے لیے اُن کی کوئی مدد نہیں کی جاتی

گذشتہ ہفتے پیش آنے والےکشتی کے حادثےکو مدِ نظر رکھتے ہوئے، جِس میں کم از کم 275 تارکینِ وطن ہلاک ہوئے، یورپی یونین نے عہد کیا ہے کہ نقل مکانی کے بحران سے نمٹنے کے سلسلے میں، اٹلی کو مزید چار کروڑ ڈالر کی رقم فراہم کی جائے گی۔

یورپی کمیشن کے سربراہ، ہوزے مینوئل بروسو نے بدھ کے دِن اِن اضافی رقوم کا اعلان لیمپے ڈوسا کے اطالوی جزیرے کے دورے کے دوران کیا۔

غوطہ خور اب بھی اس جزیرے کے قریب اُس مقام پر ہلاک شدگان کی لاشیں تلاش کرنے کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں جہاں کشتی کو یہ حادثہ پیش آیا، جس میں 500 افریقی تارکین وطن سوار تھے۔ اُن میں سے صرف 155افراد کو بچایا جاسکا۔

لیمپے ڈوسا آمد پر، سرگرم کارکنوں کے ایک چھوٹے سے گروپ نے بروسو پر جملے کسے۔

ایک طویل مدت سے جزیرے کے باشندوں کو یہ شکایت رہی ہے کہ اُنھیں ہر سال ہزاروں کی تعداد میں نئے پناہ گزینوں سے واسطہ پڑتا ہے، جب کہ اس معاملے سے نمٹنے کے لیے اُن کی کوئی مدد نہیں کی جاتی۔


جغرافیائی طور پر، اٹلی کی سرزمین کے مقابلے میں افریقہ سے لیمپے ڈوسا نسبتاً قریب ہے، اس لیے یورپ میں نئی زندگی شروع کرنے کے خواہشمند افریقی باشندے اس جزیرے تک پہنچنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔
XS
SM
MD
LG