رسائی کے لنکس

برلسکونی مستعفی، 17 سالہ متنازع دور اقتدار کا خاتمہ


برلسکونی مستعفی، 17 سالہ متنازع دور اقتدار کا خاتمہ
برلسکونی مستعفی، 17 سالہ متنازع دور اقتدار کا خاتمہ

اٹلی کے وزیر اعظم سلویو برلسکونی اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں، جس کے ساتھ ہی اُن کے 17 سالہ سیاسی دور کا بھی خاتمہ ہو گیا ہے۔

اُنھیں اس عرصہ میں بدعنوانی اور جنسی اسکینڈلز میں ملوث ہونے کے الزامات کے علاوہ اپنے ملک کو قرض کے بحران سے نکالنے میں ناکامی پر کڑی تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔

مسٹر برلسکونی نے ہفتہ کی شب اپنا استعفیٰ باضابطہ طور پر صدر جیورجیو ناپولیٹانو کے حوالے کیا، جب کہ اس سے چند گھنٹوں قبل وہ کابینہ کے اجلاس میں اپنے عہدے سے دستبردار ہونے کا اعلان کر چکے تھے۔

جب ان کا قافلہ روم میں واقع صدارتی محل پہنچا تو وہاں موجود ہزاروں افراد نے اُن کا استقبال توہین آمیز انداز میں کیا اور اُنھیں ’’مسخرہ‘‘ اور ’’مافیا کا رکن‘‘ کہہ کر پکارتے رہے۔

توقع ہے کہ صدر ناپولیٹانو یورپی یونین کے سابق کمشنر ماریو مونٹی کو نئی عبوری حکومت کی قیادت سنبھالنے کو کہیں گے۔

اٹلی کی پارلیمنٹ نے حال ہی میں یورپ کی حمایت یافتہ معاشی اصلاحات کی منظوری دی ہے، اور مسٹر برلسکونی نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ بجٹ سے متعلق نئے قانون کی منظوری کے بعد مستعفی ہو جائیں گے۔

اٹلی میں سیاسی رہنماؤں کو اب ایک عبوری حکومت تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے جو ملک کو ممکنہ معاشی بحران سے نکالنے کی کوشش کرے گی۔

بین الاقوامی رہنماؤں بشمول امریکی صدر براک اوباما، فرانسیسی صدر نیکولا سارکوزی اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی سربراہ کرسٹین لگارڈ نے اُمید ظاہر کی ہے کہ نئی حکومت جلد تشکیل دے دی جائے گی۔

مسٹر برلسکونی نے پہلی مرتبہ 1994ء میں اقتدار سنبھالا تھا اور گزشتہ 17 میں سے 10 سالوں کے دوران وہ تین مرتبہ وزیر اعظم کے عہدے پر فائض رہے۔ اپنے ہر دور اقتدار میں اُنھیں بدعنوانی کے الزامات اور وزارت عظمیٰ کے اختیارات کو اپنے کاروباری مفادات کے لیے استعمال کرنے کے الزامات کا سامنا رہا۔

XS
SM
MD
LG