رسائی کے لنکس

جگجیت سنگھ کی حالت بدستور تشویشناک ، دماغ کی سرجری


جگجیت سنگھ کی حالت بدستور تشویشناک ، دماغ کی سرجری
جگجیت سنگھ کی حالت بدستور تشویشناک ، دماغ کی سرجری

جمعہ کو انہیں پاکستانی غزل گائیک غلام علی کے ساتھ ملکر ممبئی میں ایک لائیو کنسرٹ پیش کرنا تھا تاہم اچانک ان کا بلڈ پریشر اتنا بڑھ گیا کہ دماغ کی شریان پھٹ گئی اور انہیں فوری طور پر اسپتال داخل کرانا پڑا۔

بھارت میں غزل گائیکی کو جدید طرزمیں ڈھالنے والے جگجیت سنگھ کی حالت تاحال تشویشناک ہے۔ ان کے دماغ کی سرجری کی گئی ہے تاہم ان کے معالج کا کہنا ہے کہ جگجیت سنگھ کی طبیعت ابھی تک نہیں سنبھلی۔

انہیں جمعہ کو دماغ کی شریان پھٹنے کے سبب ممبئی کے لیلا وتی اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ جگجیت سنگھ کی پرائیوسی کے پیش نظر ان کی حالت کے بارے میں مزید کچھ نہیں کہاجاسکتا ۔

جگجیت سنگھ کو ہائی بلڈ پریشر کی شکایت تھی۔ جمعہ کو انہیں پاکستانی غزل گائیک غلام علی کے ساتھ ملکر ممبئی میں ایک لائیو کنسرٹ پیش کرنا تھا تاہم اچانک ان کا بلڈ پریشر اتنا بڑھ گیا کہ دماغ کی شریان پھٹ گئی اور انہیں فوری طور پر اسپتال داخل کرانا پڑا۔

ڈاکٹرز کے مطابق ان کی حالت تشویشناک تھی جس کے سبب فوری طور پر ان کے دماغ کی سرجری کرنا پڑی تاہم اس کے باوجود ان کی حالت بدستور خطرے میں بتائی جارہی ہے۔ بھارت سے آنے والی ایک اور اطلاع کے مطابق ان کی طبیعت زیادہ خراب ہونے کے سبب انہیں وینٹی لیٹر لگادیا گیا ہے۔

جگجیت سنگھ کو دل کے عارضے کے باعث 1998ء میں بھی اسپتال میں داخل ہونا پڑا تھا جس کے بعد ڈاکٹرز نے ان کے سگریٹ پینے پر پابندی لگا دی تھی۔ بعد ازاں انہیں2007ء میں بلڈپریشر کا عارضہ لاحق ہوگیا اور اس مرض پر قابو پانے کے لئے بھی انہیں اسپتال میں داخل ہونا پڑا تھا۔

جگجیت سنگھ بھارت کے انتہائی مقبول غزل سرا ہیں ۔ انہیں جدیدغزل گائیکی کا بانی بھی خیال کیا جاتا ہے۔ اب تک ان کی 40 سے زیادہ البم ریلیز ہوچکی ہیں۔ ان کی کئی غزلیں بالی ووڈ فلموں میں بھی استعمال کی گئیں۔ کیرئیر کے ابتدائی دنوں میں وہ اپنی شریک سفر چترا سنگھ کے ساتھ ملکر غزل گاتے تھے ۔ رفتہ رفتہ یہ جوڑی بھارت میں ہی نہیں پوری دنیا میں اپنی منفرد پہچان بنانے میں کامیاب ہوئی۔

XS
SM
MD
LG