رسائی کے لنکس

سنیما کے بعد اب پاکستانی موسیقی کی ’بحالی‘ پر بھی کام شروع


پاکستانی موسیقی کے شیدائی، گلوکار اور موسیقی کے شعبے سے وابستہ تمام افراد کے لئے یقیناً یہ خوش آئندہ خبر ہوگی۔ اس طرح انہیں ایک ایسا پلیٹ فارم مل سکے گا جہاں انہیں اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا، ان کا ٹیلنٹ پروان چڑھ سکے گا

پاکستانی سنیما کی بحالی کے ساتھ ساتھ اب پاکستانی میوزک کو مقبول عام بنانے کے لئے بھی کام شروع ہوگیا ہے۔

دو مقامی میوزک چینلز ’جلوہ‘ اور ’ایٹ ایکس ایم‘ جو پاکستان میں بھارتی موسیقی کے حوالے سے خاصی شہرت رکھتے ہیں، ان کی انتظامیہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اب ان چینلز سے پاکستانی میوزک بھی پروموٹ ہوگا۔

یعنی، اب ناظرین ان چینلز سے پرانے اور نئے پاکستانی گانے بھی اسی طرح سن سکیں گے۔

چینل سے وابستہ ایک عہدیدار نے ’وائس آف امریکہ‘ کو بتایا کہ پاکستانی موسیقی کے شیدائی، گلوکار اور موسیقی کے شعبے سے وابستہ تمام افراد کے لئے یقیناً یہ خوش آئندہ خبر ہوگی۔ اس طرح، انہیں ایک ایسا پلیٹ فارم مل سکے گا جہاں انہیں اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع ملے گا، ان کا ٹیلنٹ پروان چڑھ سکے گا۔‘‘

پاکستان میں پچھلی کئی دہائیوں سے سوائے سوشل میڈیا کہ کوئی پلیٹ فارم ایسا نہیں جہاں نئے اور پرانے لوگوں کو ایک ساتھ کام کرنے اور اپنے فن کے اظہار کا اس طرح موقع مل سکتا، جس طرح دوسرے ممالک خاص کر بھارت میں ملتا ہے۔

موسیقی سے گہرا لگاؤ رکھنے والے فنکاروں اور ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میوزک انڈسٹری کو سب سے زیادہ نقصان پائریسی سے پہنچا ہے۔ لیکن، بدلتے ہوئے تناظر میں اب ایسا لگتا ہے کہ یہ مسئلہ بھی حل ہوجائے گا اور جو فنکار کسمپرسی میں جی رہے ہیں ان کے لئے بھی عنقریب کچھ ہوسکے گا۔

XS
SM
MD
LG