رسائی کے لنکس

جیمز بانڈ کی نئی فلم، سام سنگ کی کروڑوں ڈالر کی پیشکش نظر انداز


اسپیکٹر فلم کے ہدایتکار سیم مینڈس اور اداکار ڈینیئل کریگ نے اس سال کے اوائل میں مبینہ طور پر سام سنگ کی 50 ملین ڈالر مارکیٹنگ پیکج کی پیشکش کو مسترد کر دیا گیا تھا۔

جیمز بانڈ سلسلے کی فلمیں مصنوعات کی مارکیٹنگ کے لیے ایک ہاٹ اسپاٹ خیال کی جاتی ہیں لیکن کبھی کبھی فلم کے کرداروں کو پہنچنے والے ممکنہ نقصان کے مقابلے میں فلم ساز کے لیے بڑی رقم بھی کوئی معنی نہیں رکھتی ہے۔

ایسا ہی کچھ نئی فلم اسپیکٹر کے ساتھ ہوا جس میں فلم کے ہیرو ڈینیئل کریگ کو سیکرٹ ایجنٹ کے کردار میں سام سنگ کا اسمارٹ فون استعمال کرنے کے لیے کروڑوں ڈالر کی پیشکش ہوئی تھی جسے انھوں نے ٹھکرا دیا تھا۔

بزنس انسائیڈر کی خبر کے مطابق جیمز بانڈ کی گزشتہ فلم اسکائی فال میں بانڈ کو ہینیکن برانڈ کی بئیر پیتے ہوئے دکھایا گیا تھا، جس کے لیے بانڈ فرنچائز کو 45 ملین ڈالر ادا کیے گئے تھے لیکن اسپیکٹر کے حوالے سے سیم مینڈس اور فلم کے ہیرو ڈینیئل کریگ نے کم سے کم مصنوعات استعمال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکٹر فلم کے ہدایتکار سیم مینڈس اور اداکار ڈینیئل کریگ نے اس سال کے اوائل میں مبینہ طور پر سام سنگ کی پانچ کروڑ ڈالر مارکیٹنگ پیکج کی پیشکش کو مسترد کر دیا گیا تھا۔

فلم میں ایجنٹ زیرو زیرو سیون کے کردار میں ڈینیئل کریگ کو سام سنگ کا نئے ماڈل کا اسمارٹ فون استعمال کرنے کے لیے پچاس لاکھ ڈالر اور اشتہاری مہم کے لیے مجموعی طور پر پانچ کروڑ ڈالر کی پیشکش ہوئی تھی۔

اس کے علاوہ سونی کمپنی کی طرف سے بھی فلم میں بانڈ کو ایکسپیریا زیڈ 4 فون ساتھ رکھنے کے لیے پچاس لاکھ ڈالر اور خصوصی وینڈر بننے کے لیے اضافی ایک کروڑ اسی لاکھ ڈالر ادا کرنے کی پیشکش ہوئی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم کے اداکار اور ہدایتکار نہیں چاہتے تھے کہ سیکرٹ ایجنٹ کو ناقص قسم کے اسمارٹ فون کے ساتھ دکھایا جائے اسی لیے انھوں نے سونی کی پیشکش کو مسترد کر دیا تھا۔

بانڈ کے کردار کو اسمارٹ فون کے بجائے اومیگا تھری گھڑی کے ساتھ فلم میں پیش کیا گیا ہے۔

سونی کے ایکسپیریا زیڈ فور کے لیے نئے اشتہار میں فلم جیمز بانڈ کی مناظر کشی کی گئی ہے باوجود اس کے فلم میں سونی کا فون نہیں دکھایا گیا ہے جبکہ فلم کی اداکارہ نومی ہیرس نے بھی فون کے اشتہار میں سیکرٹ ایجنٹ کے طور پر کام کیا ہے تاہم اس اشتہار میں ڈینیئل کریگ اور سیم مینڈس شامل نہیں تھے ۔

اسپیکٹر نے ان تمام ممالک میں باکس آفس ریکارڈ توڑ دیا ہے جہاں یہ پچھلے ہفتے ریلیز ہوئی تھی برطانیہ میں فلم پیر کو ریلیز ہوئی اور اس نے بانڈ فرنچائز کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم اسکائی فال کے افتتاحی ہفتے کی آمدنی کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

26 اکتوبر پیر کو ریلیز ہونے والی جیمز بانڈ سلسلے کی چوبیسویں فلم نے برطانیہ میں اسی کروڑ پاونڈ سے زیادہ کمائے ہیں۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ 2004ء میں ریلیز ہونے والی فلم ہیری پوٹر اینڈ دا پریزنر آف آزکاون کو حاصل تھا۔

اسپیکٹر فلم امریکی سینما گھروں میں آئندہ ہفتے نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

XS
SM
MD
LG