رسائی کے لنکس

آسکر ایوارڈ یافتہ کمپوزر جیمز ہارنر چل بسے


’اوتار‘، ’بریوہارٹ‘ اور ’اے بیوٹی فل مائنڈ‘ جیسی بلاک بسٹر فلموں سمیت سو سے زائد فلموں میں دل کو چھو لینے والا میوزک کمپوز کرنے والے جیمز ہارنر نے 1997ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’ٹائٹینک‘ کے لئے تخلیق کردہ میوزک پر بہترین ’ساوٴنڈ‘ اور ’اوریجنل سونگ‘ دو آسکر ایوارڈز اپنے نام کئے

ہالی وڈ کی شہرہ آفاق فلم ’ٹائٹینک‘ کے خوبصورت میوزک پر آسکر ایوارڈ پانے والے مشہور میوزک کمپوزر جیمز ہارنر طیارے کے حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

حادثے کے وقت ہارنر اپنا ذاتی طیارہ خود اڑا رہے تھے، جو کیلی فورنیا کے جنوبی علاقے میں سانتا باربرا کے قریب گرکر تباہ ہوگیا۔

برطانوی اخبار ’ٹیلی گراف‘ کے مطابق جیمز ہارنر کے وکیل جے کوپر نے ان کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ 61سالہ میوزک کمپوزر کو فلائنگ سے محبت تھی اور وہ اپنا چھوٹا طیارہ خود اڑا رہے تھے۔

’اوتار‘، ’بریوہارٹ‘ اور ’اے بیوٹی فل مائنڈ‘ جیسی بلاک بسٹر فلموں سمیت سو سے زائد فلموں میں دل کو چھو لینے والا میوزک کمپوز کرنے والے جیمز ہارنر نے 1997ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’ٹائٹینک کے لئے تخلیق کردہ میوزک پر بہترین ’ساوٴنڈ‘ اور ’اوریجنل سونگ‘ دو آسکر ایوارڈز اپنے نام کئے۔

سیلین ڈیون کے گائے ٹائٹینک کے ساوٴنڈ ٹریک ’مائی ہارٹ ول گو اون‘ نے فروخت کے نئے ریکارڈ قائم کئے تھے اور دنیا بھر میں اس کی 27 ملین کاپیاں فروخت ہوئی تھیں۔

جیمز ہارنر کو ان کے عمدہ میوزک کی بدولت 10مرتبہ آسکر ایوارڈز کے لئے نامزد کیا گیا۔

جیمز ہارنر نے ’ٹائٹینک‘ کے ڈائریکٹر جیمز کیمرون کی دو بلاک بسٹر فلموں 1986ء میں بنی ’ایلینز‘ اور 2009ء میں ریلیز ہو نے والی ’اوتار‘ کا بھی میوزک کمپوز کیا اور آسکر کی نامزدگی حاصل کی جبکہ ان دنوں وہ جیمز کیمرون کے ساتھ ’اوتار‘ کے سیکوئل پرکام کررہے تھے۔

’ٹائٹینک‘ کے انتہائی رومینٹک گانے ’مائی ہارٹ ول گو آن‘ کی گلوکارہ سیلین ڈیون نے سوشل میڈیا پر جیمز ہارنر کی موت پر گہرے صدمے اور دکھ کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ جیمز نے میرے کیرئیر میں انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ ان کا میوزک ہمیشہ امر رہے گا۔ ایکٹررسل کرونے بھی جیمز ہارنر کی موت کو افسوسناک قرار دیا۔

ایکٹر ڈائریکٹر رون ہارورڈ نے جیمز ہارنر کے انتقال پر ٹوئٹر پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ بہت عمدہ میوزیشن اور دوست تھے۔ ہم نے سات فلموں میں ساتھ کام کیا۔ ان کی کمی محسوس ہوگی۔

XS
SM
MD
LG