رسائی کے لنکس

ٹی وی کے نامور فنکار جمیل فخری شدید علیل، کومہ میں چلے گئے


ٹی وی کے نامور فنکار جمیل فخری شدید علیل، کومہ میں چلے گئے
ٹی وی کے نامور فنکار جمیل فخری شدید علیل، کومہ میں چلے گئے

پاکستان کے نامور اداکار جمیل فخری شدید علالت کے باعث لاہور کے ایک اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ میو اسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر ارشاد حسین کا کہنا ہے کہ وہ کومے کی حالت میں ہی اسپتال لائے گئے تھے اور ان کی حالت انتہائی نازک ہے۔

جمیل فخری کے علاج کے لئے پانچ انتہائی ماہر ڈاکٹروں پر مشتمل ایک میڈیکل پینل تشکیل دیا گیا ہے۔ پینل کے سربراہ ڈاکٹر ارشاد حسین کا کہنا ہے کہ مریض کی حالت انتہائی دگرگوں ہے اس لئے کچھ نہیں کہا جاسکتا۔ انہیں سانس لینے میں مشکل ہورہی ہے اس لئے انہیں وینٹی لیٹر پر رکھا گیا ہے۔

جمیل فخری کو پچھلے ہفتے ایک دوسرے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا جبکہ 31 مئی کو شام چار بجے انہیں میو اسپتال کے انتہائی نگہداشت کے شعبے میں داخل کیا گیا۔ اس دوران انہیں دو ہیمریج ہوئے جس سے ان کی حالت مزید خراب ہوگئی۔ جمیل فخری ہائی بلڈ پریشر، ذیابیطس اور دل کے عارضے میں مبتلا ہیں۔

ڈاکٹروں کے مطابق پہلے ہیمرج میں ان کے دماغ کی ایک شریان بلاک ہوگئی تھی جبکہ دوسرے ہیمرج میں وہ شریان پھٹ گئی۔ جمیل فخری کے اہل خانہ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ جب سے ان کے بیٹے علی ایاز فخری کی موت ہوئی ہے تب سے وہ انتہائی رنجیدہ تھے اور بیٹے کا غم انہیں ابھی بھی نڈھال کئے ہوئے ہے۔

علی ایاز فخری کے بارے میں گزشتہ سال سات دسمبر کو اطلاع آئی تھی کہ امریکہ میں انہیں پر اسرار طور پر قتل کردیا گیا ہے۔ جمیل فخری کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی ۔

جمیل فخری کو پی ٹی وی کے مشہور ڈرامہ سیریل 'اندھیرا اجالا' میں جعفر حسین کا کردار ادا کرنے پر بے انتہا شہرت ملی تھی۔ وہ ٹی وی کے علاوہ اسٹیج کے بھی اداکار ہیں۔

XS
SM
MD
LG