رسائی کے لنکس

بجلی کے مسائل حل کرنے کے لیے 26کروڑ ڈالر کی جاپانی امداد


بجلی کے مسائل حل کرنے کے لیے 26کروڑ ڈالر کی جاپانی امداد
بجلی کے مسائل حل کرنے کے لیے 26کروڑ ڈالر کی جاپانی امداد

جاپان نے پاکستان کو 26کروڑ ڈالر کا نرم قرضہ دیا ہے جو توانائی کے سنگین بحران کا شکار ملک میں ٹرانسمیشن لائینوں اور گرڈ سٹیشنوں کو مستحکم بنانے کے منصوبے پر خرچ ہو گا۔

اس سلسلے میں بدھ کے روز اسلام آباد میں جاپانی سفیر Chihiro Atsumiاور سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن سبطین فضل حلیم کے درمیان دستاویز پر دستخط ہوئے۔

جاپانی سفارت خانے کے جاری کردہ بیان کے مطابق مذکورہ منصوبے کی تکمیل سے بجلی کی ٹرانسمیشن لائینوں میں 156میگا واٹ تک کی بہتری آئے گی جو پاکستان میں 20لاکھ افراد ی بجلی کی سالانہ کھپت کے برابر ہے۔

شکار پور اور لاہور میں شروع کیے جانے والے اس منصوبے سے بجلی کے زیاں میں کمی ہو گی اور اس کی مستحکم فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔

بجلی کے بحران نے ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی کو متاثر کیا ہے اور اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے پاکستان کے دوست ملکوں پر مشتمل فرینڈز آف ڈیموکریٹک پاکستان انرجی سیکٹرٹاسک فورس کے منصوبے پر کام کر رہا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جاپان پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ اور پائیدار اقتصادی ترقی میں مدد دینے کے لیے پر عزم ہے اور گذشتہ سال ٹوکیو کانفرنس میں ایک ارب ڈالر کی جس امداد کا وعدہ کیا گیا تھا وہ بروقت پہنچائی جاتی رہے گی۔

اب تک جاپان کی طرف سے وعدہ کردہ امداد میں سے تقریباََ 45کروڑ ڈالر فراہم کیے جا چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG