رسائی کے لنکس

جاپانی وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

جاپان میں اخبارات نے رائے عامہ کا اندازہ لگایا ہے اور اس میں شریک ہونے والے تقریباً 50 فیصد افراد کی خواہش ہے کہ وزیر اعظم ناؤتو کان مستعفی ہو جائیں۔

روزنامہ آساہی کے سروے کے نتائج کے مطابق 49 فیصد لوگوں کی رائے میں جاپانی وزیراعظم کو فی الفور اپنا عہدہ چھوڑ دینا چاہیئے۔

سروے میں ڈیموکریٹک پارٹی آف جاپان کی سربراہی میں قائم حکومت کو حاصل عوامی حمایت کی شرح 20 فیصد رہی۔

اخبار مینیچی کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم ناؤ تو کان کی حکومت کی مقبولیت اپنی کم ترین سطح یعنی 19 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔

جاپانی عوام میں پائی جانے والی مایوسی کی بنیادی وجہ موجودہ حکومت کی اقتصادی حکمت عملی ہے جب بعض افراد نے جماعت کے اندر اختلافات کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

جاپانی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والے تبصروں کے مطابق مسٹر ناؤ تو کان نے عندیہ دیا ہے کہ وہ ایوان نمائندگان کو تحلیل کرکے نئے انتخابات منعقد کرانے کا فیصلہ کر سکتے ہیں۔

اخبار یومیوری نے پیر کے روز کہا ہے کہ مسٹر کان کے اشارے کا مقصد ان کی جماعت کے بعض اراکین کو انھیں وزیر اعظم کے عہدے سے ہٹانے کی کوشش سے باز رکھنا ہے۔

XS
SM
MD
LG