رسائی کے لنکس

جاپان میں ایک اور زلزلہ


جاپان میں ایک اور زلزلہ
جاپان میں ایک اور زلزلہ

جاپان میں حکام نے پیر کو شمال مشرقی ساحلی علاقے میں آنے والے زلزلے کے بعد سونامی کی وارننگ جاری کرتے ہوئے نقصان زدہ جوہری پلانٹ کو کارکنوں سے خالی کرا لیا۔

امریکی جیولوجیکل سروے نے تازہ ترین زلزلے کی شدت 7.1 بتائی جو کہ گذشتہ جمعرات کو آنے والے بعد از زلزلہ شدید جھٹکے جتنی تھی۔

جاپان کے سرکاری ٹی وی ’این ایچ کے‘ نے شمال مشرق میں اُن ہی ساحلی علاقوں میں جہاں 11 مارچ کو زلزلے اور پھر سونامی نے تباہی مچائی تھی، تقریباً ایک میٹر بلند سمندری لہروں کی پیش گوئی کی۔

جاپان میں جوہری تحفظ کی ایجنسی کے عہدے داروں کا کہنا تھا کہ فوکوشیما کے جوہری پلانٹ سے فی الوقت کارکنوں کو نکال لیا گیا ہے۔ نقصان زدہ جوہری تنصیب کے تین یونٹس کے بیرونی حصوں کو بجلی کی فراہمی منقطع کردی گئی تھی جس سے ری ایکٹر کے کور کو ٹھنڈا پانی پہنچانے کا عمل متاثر ہوا۔ لیکن ان کے بقول ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں بجلی بحال کردی گئی۔

حکام کے مطابق انھیں تابکاری کی سطح میں کسی تبدیلی کے آثار نہیں ملے۔

ٹھیک ایک ماہ قبل شمال مشرقی جاپان میں آنے والے 9 شدت کے زلزلے اور پھر سونامی کی لہروں نے ساحل کے قریب کئی علاقوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا تھا۔

اس تباہی کو ایک ماہ گزرنے جانے پر جاپان میں پیر کو مقامی وقت کے مطابق دوپہر2:46 منٹ پر لوگوں نے زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی عقیدت میں خاموشی اختیار کی اور ان کے لیے دعائیں کیں۔

اب تک 13 ہزار لاشیں نکالی جاچکی ہیں جب کہ 14 ہزار افراد اب بھی لاپتا ہیں۔

XS
SM
MD
LG