رسائی کے لنکس

جاپان میں زلزلے کے بعد سونامی، نقصان کی اطلاع نہیں ملی


جاپان کے شمال مشرقی ساحلی علاقے مارچ میں طاقتور زلزلے اور تباہ کن سونامی سے شدید متاثر ہوئے تھے۔ (فائل فوٹو)
جاپان کے شمال مشرقی ساحلی علاقے مارچ میں طاقتور زلزلے اور تباہ کن سونامی سے شدید متاثر ہوئے تھے۔ (فائل فوٹو)

جاپان کی موسمی پیش گوئی کرنے والی ایجنسی کے مطابق اتوار کو ایک طاقت ور زلزلے کے بعد نچلے درجے کی سونامی شمالی ساحلی پٹی سے ٹکرائی ہے، جہاں مارچ میں زلزلے اور سونامی نے شدید تباہی برپا کی تھی۔

ایجنسی کا کہنا ہے کہ 10 سینٹی میٹر بلند سونامی علاقہ ایواٹی کے شہر آفونیٹو کے ساحل سے ٹکرائی۔

اس سے قبل حکام نے زلزلے کے باعث جاپان کے شمال مشرقی ساحلی علاقوں میں 50 سینٹی میٹر تک بلند سونامی کا انتباہ جاری کیا تھا۔

موسمی پیش گوئی کرنے والی ایجنسی کے مطابق 7 شدت کے زلزلے کا مرکز جزیرہ ہونشو کے قریب بحرالکاہل میں تھا۔

اس واقعہ میں کسی شخص کے ہلاک یا زخمی ہونے کی فوری طور پر کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

مارچ میں آنے والے زلزلے اور سونامی سے جاپان کی شمال مشرقی ساحلی پٹی کا بیشتر علاقہ بری طرح متاثر ہوا تھا اور اس سانحہ میں 23 ہزار افراد ہلاک اور لاپتا ہو گئے تھے۔

ان دونوں قدرتی آفات کی زد میں آ کر شدید متاثر ہونے کی وجہ سے فوکوشیما جوہری بجلی گھر میں جوہری بحران بھی پیدا ہو گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG