رسائی کے لنکس

جاپان پارلیمانی انتخابات، حکمراں اتحاد کو اکثریت حاصل


میری جماعت کو مضبوط مینڈیٹ مل چکا ہے۔ اتحاد اِس قابل ہے کہ جاپان کی معیشت کی بحالی کے لیے اصلاحات نافذ کرے: شِنزو اَبی

رائے عامہ کے جائزوں پر مبنی اطلاعات سے پتا چلتا ہے کہ جاپان کے حکمراں اتحاد نے اتوار کے پارلیمانی انتخابات میں ایوانِ بالا میں اکثریت حاصل کرلی ہے۔

وزیر اعظم شِنزو اَبی کی ڈیموکریٹک پارٹی اور اُن کےنسبتاً کم تجربہ کار پارٹنر ’کومیتو‘ کو ملنے والی فتح کی بدولت، مسٹر اَبی کے اتحاد کو پارلیمان کے دونوں ایوانوں پر کنٹرول حاصل ہو جائے گا۔

مسٹر اَبی نے نامہ نگاروں کو بتایا کہ فتح کے حصول سے اُن کی جماعت کو ایک مضبوط مینڈیٹ مل چکا ہے، اور وہ اِس قابل ہے کہ جاپان کی معیشت کی بحالی کے لیے اصلاحات نافذ کرے۔

اُن کے بقول، معیشت کو بہتر بنانے اور ٹھوس اور مستحکم سیاست پر مبنی ہماری پالیسیوں کو عوام کی ایک واضح اکثریت کی تائید حاصل ہوگئی ہے۔ ہم اپنی طرز کی مستحکم سیاست کو فروغ دیں گے۔

رائے عامہ کے جائزوں سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ اُن کے اتحاد کو ایوان بالا کی 121 نشستوں میں سے 70 سے زائد سیٹیں مل جائیں گی۔

بتایا جاتا ہے کہ انتخابات میں اہل ووٹروں میں سے محض 52 فی صد نے رائے دہی میں حصہ لیا۔

گذشتہ دسمبر کے انتخابات کے بعد دوسری بار الیکشن جیتنے کے بعد، وزیر اعظم نے معاشی بحالی کو اپنی اولین ترجیح قرار دیا ہے۔
XS
SM
MD
LG