رسائی کے لنکس

جاپان میں طاقتور ترین سمندری طوفان


اوکیناوا میں واقع امریکی فضائی کے ایک اڈے سے چند جہازوں اور عہدیداروں کو منتقل کردیا گیا ہے جب کہ حکام نے لوگوں کو گھروں سے باہر جانے سے منع کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ یہ طوفان ہلاکت خیز بھی ہو سکتا ہے۔

جاپان کے جنوبی جزائر اوکیناوا کو دہائیوں کے سب سے زیادہ طاقتور طوفان کا سامنا ہے اور اس بنا پر مقامی آبادی کو تیز ہواؤں اور شدید بارشوں سے بچنے کے لیے محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا کہا گیا ہے۔

نیوگوری نامی سمندری طوفان کے درجے میں منگل کو علی الصبح تھوڑی کمی ہوئی لیکن محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اب بھی طوفان سے 250 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔

حکام نے ہزاروں افراد کو اوکیناوا سے منتقل ہونے کا کہا ہے۔ ان علاقوں میں ہزاروں افراد طوفان کے باعث بجلی کی بندش کا بھی شکار ہیں۔ عہدیداروں کے بقول تا حال کسی بھی طرح کے بڑے نقصانات کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

اوکیناوا میں واقع ایک امریکی فضائی اڈے سے چند جہازوں اور عہدیداروں کو منتقل کر دیا گیا ہے جب کہ حکام نے لوگوں کو گھروں سے باہر جانے سے منع کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ یہ طوفان ہلاکت خیز بھی ہو سکتا ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق اوکیناوا سے یہ طوفان کیوشو جزیرے کی طرف بڑھے گا جہاں دو جوہری تنصیبات بھی واقع ہیں۔ ان دونوں کو طوفان آنے سے قبل ہی بند کر دیا گیا ہے۔

اس کے بعد نیوگوری نامی یہ طوفان جاپان کے مرکزی جزیرے ہونشو کی طرف بڑھے گا لیکن پیش گوئی کی گئی ہے کہ اس سے قبل ہی طوفان کی شدت میں کمی واقع ہو جائے گی۔

ہونشو جزیرے پر ٹوکیو اور اوساکا سمیت کئی بڑے شہر آباد ہیں۔

جاپان میں ہر سال متعدد سمندری طوفان آتے ہیں لیکن یہ جولائی کے اوائل میں ایسے طاقتور طوفان کا آنا غیر معمولی بات ہے۔

XS
SM
MD
LG