رسائی کے لنکس

ٹوکیو کی پہلی خاتون گورنر منتخب


شہر کے دو سابق گورنروں کے استعفے کے بعد کویکی اولمپک کھیلوں کے لیے میزبان کے طور پر ٹوکیو کی ساکھ بچانے کی ذمہ دار ہوں گی۔

جاپان کی سابق وزیر دفاع یوریکو کویکی کو جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کی پہلی خاتون گورنر بننے کا اعزاز حاصل ہوا ہے۔

جاپان کے سرکاری نشریاتی ادارے ’این ایچ کے‘ کی خبروں کے مطابق ٹوکیو میں نئے گورنر کے انتخاب کے لیے اتوار کو ووٹنگ شروع ہوئی اور ابتدائی ووٹوں کے شمار کے بعد محترمہ یوریکو کویکی کو ایک مضبوط امیدوار کی حیثیت سے برتری حاصل ہوئی ہے۔

تجربہ کار سیاست دان محترمہ یوریکو کویکی کی گورنر کے عہدے پر تقرری کو ایک ایسے وقت میں بہت ایم بتایا جا رہا ہے، جب ٹوکیو 2020ء میں اولمپکس کھیلوں کی میزبانی کرنے جا رہا ہے اور شہر کے دو سابق گورنروں کے استعفے کے بعد کویکی اولمپک کھیلوں کے لیے میزبان کے طور پر ٹوکیو کی ساکھ بچانے کی ذمہ دار ہوں گی ۔

ٹوکیو کے نئے گورنر کے لیے انتخابات کا اعلان اس وقت کیا گیا جب جون کے مہینے میں ٹوکیو کے سابق گورنر یوچی موسو زئیو کو ذاتی اخراجات پورے کرنے کے لیے سرکاری فنڈز کے استعمال کےحوالے سے مالیاتی اسکینڈل پر شدید تنقید کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ پیش کرنا پڑا تھا۔

ان سے قبل 2013ء میں ٹوکیو کے گورنر ناؤ کی اینوز کو بھی بدعنوانی کے الزامات کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہونا پڑا تھا۔

گورنر کے لیے انتخابی مہم میں سب سے اہم مسئلہ 2020ء کے اولمپکس گیمز کا رہا ہے جاپان کو امید ہے کہ اولمپکس کھیلوں کے ذریعے کئی دہائیوں کی تفریط زر سے چھٹکارا پانے میں مدد ملے گی، جس کے نتیجے میں جاپانی معیشت پھولے پھلے گی۔

مجموعی طور پر 13 ملین سے زائد باشندوں کے گنجان آباد شہر میں گورنر کے عہدے کے لیے 21 امیدواروں کی ریکارڈ تعداد کے درمیان مقابلہ لڑا گیا، جس میں ٹوکیو کے عوام نے براہ راست ووٹنگ کے ذریعے یوریکو کویکی کو چار سالہ مدت کے لیے شہر کا گورنر منتخب کیا ہے۔

64 برس کی سیاست دان یوریکو کا تعلق حکمران لبرل ڈیمو کریٹ جماعت سے ہے۔

لیکن محترمہ یوریکو نے دو ہفتے کی سخت انتخابی مہم بغیر سرکاری حمایت کے چلائی ہے اور اپنے دو اہم مخالفین لبرل صحافی شنتارو ٹوریگو اور حکمراں جماعت کی سرکاری امیدوار ہرویا میزودا کو شکست دی ہے۔

انتخابی نتائج کے بعد انھوں نے اپنے حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ''میں ٹوکیو کی سیاست کو بے مثال انداز میں چلاؤں گی، جسے پہلے کبھی ٹوکیو میں نہیں دیکھا گیا ہے۔''

انھوں نے خواتین دوست پالیسیوں کے حوالے سے عزم طاہر کرتے ہوئے کہا کہ ''مجھے یقین ہے کہ خواتین کو پالیسیوں میں آگے بڑھانا ٹوکیو کے لیے اچھا ثابت ہو گا اور دارالحکومت ٹوکیو کے لیے خوشیاں لے کر آئے گا''۔

گورنر کے طور پر محترمہ یوریکو پہلی ذمہ داری اگست میں ہونے والے 2016ء اولمپکس کے اختتام پر ریو ڈی جینیرو میں سرکاری طور پر اگلے میزبان شہر کے نمائندے کی حیثیت سے اولمپک کا پرچم قبول کرنا ہو گا۔

تاہم محترمہ یوریکو کی چار سالہ مدت ٹوکیو اولمپکس مقابلوں کے شروع ہونے سے قبل اختتام پذیر ہو جائے گی۔

محترمہ یوریکو جاپان کی ایک معروف سیاست دان ہیں۔ انھیں عربی اور انگریزی زبانوں پر بھی عبور حاصل ہے اس کے علاوہ سابق نیوز کاسٹر محترمہ یوریکو نے کئی دہائیوں پر محیط اپنے سیاسی کیرئیر میں کئی سینیئر سیاسی عہدوں پر کام کیا ہے۔

ٹوکیو کی پہلی خاتون گورنر کا بننے والی سیاست دان یوریکو کو ملک کی پہلی خاتون وزیر دفاع ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔

وہ صوبائی گورنر کے طور پر حکومت کرنے والی جاپان کی ساتویں خاتون ہیں اس کے علاوہ وہ وزیر ماحولیات کے عہدے پر بھی فائز رہ چکی ہیں۔

XS
SM
MD
LG