رسائی کے لنکس

ایتھلیٹس کے عالمی مقابلے کی چیمپئین جیسیکا اینیس


جیسیکا اینیس نے 2012 میں لندن اولمپک جیتنے کے بعد پہلی بار بڑے ایتھلیٹس کے عالمی مقابلے میں شرکت کی اور کھیل کی دنیا میں کامیاب واپسی کرتے ہوئے عالمی چیمپئین شپ میں 'ہیپٹا تھلون' کا اعزاز جیت لیا ہے۔

برطانوی ایتھلیٹ جیسیکا اینیس ہل نے کھیلوں کی دنیا سے لمبے عرصے تک غیر حاضر رہنے کے بعد ایتھلیٹس کے عالمی مقابلے میں طلائی تمغے کے ساتھ شاندار واپسی کی ہے۔

شیفلڈ سے تعلق رکھنے والی جیسیکا اینیس نے 2012 میں لندن اولمپک جیتنے کے بعد پہلی بار بڑے ایتھلیٹس کے عالمی مقابلے میں شرکت کی اور کھیل کی دنیا میں کامیاب واپسی کرتے ہوئے عالمی چیمپئین شپ میں 'ہیپٹا تھلون' کا اعزاز جیت لیا ہے جبکہ صرف تیرہ ماہ پہلے ان کے ہاں بچے کی ولادت ہوئی ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق بیجنگ میں 22 سے 30اگست تک جاری رہنے والی عالمی چیمپئین شپ سے چار ہفتے پہلے تک یہ واضح نہیں تھا کہ جیسیکا بیجنگ میں مقابلہ کر سکیں گی۔

لیکن اتوار کو منعقدہ عورتوں کی 800 میٹر کی ہیٹ کو ناصرف نے انھوں نے دو منٹ 10.13 سکینڈ میں مکمل کیا بلکہ 6669 پوائنٹس حاصل کر کے کینڈین ایتھلیٹ بری این تھائیسن کو 115 پوائنٹس سے پیچھے چھوڑتے ہوئے میدان مار لیا۔

جیسیکا اینیس کا یہ دوسرا عالمی ہیپٹا تھلون کراؤن ہے۔ انھوں نے چھ سال پہلے ایتھلیٹس کے عالمی مقابلے میں طلائی تمغہ جیتا تھا، وہ لندن اولمپک جیتنے سے پہلے ورلڈ اور یورپین چیمپئین رہ چکی ہیں۔

جیسیکا نے اپنی جیت پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ "یہ کس قدر مسرت کا احساس ہے مجھے اب بھی یقین نہیں آرہا ہے کہ میں عالمی چیمپئین بن گئی ہوں میرے پاس اپنے گھر والوں اور ٹیم کے لیے شکریہ کہنے کے الفاظ نہیں ہیں۔"

برطانوی نشریاتی ادارے کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ "مجھے یقین نہیں آریا ہے کہ میں بیجنگ کے قومی اسٹیڈیم برڈ نیسٹ کے میدان میں کھڑی ہوں۔ پچھلے سال میرا بیٹا ہوا تھا اور تب میں یہ تصور بھی نہیں کر سکتی تھی کہ میں واپس کھیل کی دنیا میں آسکوں گی اور عالمی مقابلے میں شرکت اور اعزاز جیتنا تو بہت دور کی بات تھی۔"

جیسیکا کے مطابق اگر وہ کانسی کا تمغہ بھی حاصل کر لیتیں تو انھیں بےحد خوشی ہوتی، لیکن طلائی تمغہ جیتنے کی خوشی اور بھی زیادہ ہے ۔

جیسکا اینیس ہل نے 2013 میں اپنے کالج کے دوست اینڈی ہل کے ساتھ شادی کی اور 2014 میں انھوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ امید سے ہیں۔ بچے کی ولادت کے بعد جیسیکا نے مانچسٹر میں ہونے والے ایتھلیٹس مقابلے میں سو میٹر کی دوڑ میں حصہ لیا تھا۔

جیسیکا اینیس شیفلڈ میں پیدا ہوئی ہیں اور یہیں پلی بڑھی ہیں۔ انھوں نے شیفلڈ یونیورسٹی سے نفسیات میں ڈگری مکمل کی ہے۔

جیسیکا کے والدین نے اسے کم عمری میں ایتھلیٹس میں ڈال دیا تھا اس نے اسکول کے دنوں میں ایتھلیٹس کلب میں شرکت کی اور تیرہ سال کی عمر میں پہلی بار کوچ ٹونی کے ساتھ کوچنگ سیشن میں حصہ لیا اور جلد ہی سٹی آف شیفلڈ اے سی کو جوائن کر لیا۔ جیسیکا چلڈرن اسپتال چیریٹی کی سرپرست بھی ہیں انھوں نے ماڈلنگ اور ٹی وی کمرشلز میں بھی کام کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG