رسائی کے لنکس

پاکستانی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ کی شوٹنگ مکمل


شوٹنگ کا آخری دن بہت مشکل تھا، کیونکہ اس دن کراچی میں سخت گرمی تھی۔ لیکن، شکر ہے سب کچھ اچھا اور خیریت سے ہوگیا۔ فلم کا جو حصہ تھائی لینڈ میں پکچرائز کیا گیا اسے سب نے بہت انجوائے کیا

نئی پاکستانی فلم ’جوانی پھر نہیں آنی‘ مکمل ہونے کی خوشی میں فلم میکرز نے کراچی میں سجائی ایک خوبصورت شام جس میں فلم کی کاسٹ، کریو، شوبز اور دیگر شعبوں کی مشہور شخصیات کی شرکت نے محفل کا رنگ جما دیا اور لطف دوبالا کردیا۔

اس موقع پر ’وائس آف امریکہ‘ سے بات کرتے ہوئے فلم کے لیڈ ایکٹر اور پروڈیوسر ہمایوں سعید نے فلم سے جڑے اپنے تجربات بتاتے ہوئے کہا کہ ’شوٹنگ کا آخری دن بہت مشکل تھا، کیونکہ اس دن کراچی میں سخت گرمی تھی۔ لیکن شکر ہے سب کچھ اچھا اورخیریت سے ہوگیا۔ فلم کا جو حصہ تھائی لینڈ میں پکچرائز کیا گیا اسے سب نے بہت انجوائے کیا۔ ’جوانی پھرنہیں آنی‘ کے آخری حصے کے لئے میں، واسع، احمد اور حمزہ کلین شیو ہوگئے اور یہ بھی بہت مزیدار تجربہ رہا۔‘

فلم کے پروڈیوسرز شہزاد نصیب، سلمان اقبال اورجرجیس سیجا بھی فلم کی ’ریپ اپ‘ تقریب کا حصہ تھے۔

ہمایوں کا مزید کہنا تھا ’فلم سے وابستہ ہر شخص فلم مکمل ہونے پر بیحد خوش ہے اور اب سب کو انتظار ہے تو بس اس بات کا کہ شائقین کا رسپانس کیسا رہتا ہے۔‘

ہمایوں سعید کے پروڈکشن ہاوٴس ’سکس سگما‘ کے بینر تلے بننے والی ’یہ جوانی پھر نہیں آنی‘ کی کاسٹ ہمایوں سعید،حمزہ علی عباسی، احمد علی بٹ، واسع چوہدری، گوہر رشید، مہوش حیات، عائشہ خان، ثروت گیلانی اور سہیل علی ابڑو پر مشتمل ہے۔

’یہ جوانی پھر نہیں آنی‘ کی شوٹنگ تھائی لینڈ میں بنکاک، پتایا اور کورل آئی لینڈ کے حسین نظاروں اور کراچی میں کی گئی ہے۔ فلم کا ٹیزر پہلے ہی ریلیز ہوچکا ہے جسے دیکھ کر شائقین فلم کو سلوراسکرین پردیکھنے کا بیتابی سے انتظار کر رہے ہیں۔

’یہ جوانی پھر نہیں آنی‘ عیدالاضحیٰ کے موقع پر نمائش کے لئے پیش کی جائے گی جبکہ فلم کی انٹرنیشنل ریلیز کی تیاریاں بھی مکمل ہیں۔

XS
SM
MD
LG