رسائی کے لنکس

‘جہاد جین’: کارٹونسٹ کو ہلاک کرنے کی سازش سے لاتعلقی


ایک امریکی خاتون نے، جِس پر مشتبہ دہشت گردوں کے ساتھ ساز باز کرنے کا الزام ہے، سویڈن کے کارٹونسٹ کو ہلاک کرنے کی کوشش سمیت تمام الزامات کے تحت صحتِ جرم سے انکار کیا ہے۔

جمعرات کو مشرقی امریکہ کے شہر فلاڈیلفیا کی ایک عدالت میں کولین لا روز کے خلاف باضابطہ الزامات عائد کیے گئے۔

گذشتہ ہفتے امریکی محکمہ ٴانصاف نے اعلان کیا تھا کہ لاروز شدت پسند جنگ جوؤں کو بھرتی کرنے اور بیرونِ ملک قتل کے منصوبوں میں ملوث تھی۔ الزامات میں کہا گیا ہے کہ اُس نے اپنے آپ کو ‘جہاد جین’ اور ‘فاطمہ لاروز’ کے نام سے متعارف کرایا تھا۔

وہ جِس شخص کو مبینہ طور پر قتل کرنا چاہتی تھی وہ سویڈن کے کارٹونسٹ لارز وِکاز ہے، جِس نے پیغمر ِ اسلام کا کارٹون بنایا تھا، اور جِس کے باعث مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی تھی۔

باضابطہ الزامات میں کہا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا اور یورپ میں ‘پُر تشدد جہاد’ یا مذہبی جنگ برپا کرنے کی غرض سے اُنھوں نے انٹرنیٹ پر لوگوں کو بھرتی کیا، اور اُس نے انٹرنیٹ پر ایسی خواتین کو بھی بھرتی کیا جو خوں ریز جہاد کی حمایت میں اضافہ کرنے کے لیے یورپ بھر میں سفر کر سکیں۔

الزامات میں بتایا گیا ہے کہ لاروز نے اپنے شریک منصوبہ سازوں کو بتایا تھا کہ وہ چونکہ سفید فام اور بھورے بالوں والی خاتون ہیں اِس لیے وہ اُن کے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔

اُن پر یہ بھی الزام ہے کہ یورپ میں اپنے قدم جمانے کی غرض سے اُنھوں نے شریک سازشیوں میں سے ایک کے ساتھ شادی رچانے کی پیش کش کی۔

لاروز پر دہشت گردوں کو مادی طور پر امداد فراہم کرنے، بیرونِ ملک ہلاکتوں کی سازش کرنے، اور دیگر جرائم کی منصوبہ بندی کرنے کا الزام ہے۔ 46 سالہ لاروز اکتوبر سے وفاقی حراست میں ہے۔

جرم ثابت ہونے کی صورت میں اُس کو ممکنہ طور پر عمر قید اور دس لاکھ ڈالر جرمانے کی سزادی جا سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG