رسائی کے لنکس

جان کیری کی ایرانی ہم منصب سے نیویارک میں ملاقات ہو گی


امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اتوار کو بتایا کہ کیری اور ایرانی وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات جوہری عدم پھیلاؤ سے متعلق اقوام متحدہ کے 2015 کے اجلاس کے موقع پر ہو گی۔

امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری ایران کے ساتھ ایک جامع جوہری معاہدے پر مزید پیش رفت کے لیے اپنے ایرانی ہم منصب جواد ظریف سے پیر کو نیویارک میں ملاقات کریں گے۔

یہ ملاقات جان کیری کی طرف سے معاہدے کے بنیادی خدوخال پر سجمھوتے کے اعلان کے چار ہفتوں کے بعد ہو رہی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اتوار کو بتایا کہ کیری اور ایرانی وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات جوہری عدم پھیلاؤ سے متعلق اقوام متحدہ کے 2015 کے اجلاس کے موقع پر ہو گی۔

مذاکرات کاروں کے پاس ایران کے ساتھ حتمی معاہدہ کرنے کے لیے 30 جون تک کا وقت ہے، جس کے تحت ایران کے جوہری پروگرام کو محدود کر کے یہ یقینی بنایا جا سکے گا کہ وہ جوہری ہتھیار نہیں بنا رہا ہے اور اس کے عوض ایران پر مغرب کی طرف سے عائد وہ اقتصادی پابندیاں اٹھا لی جائیں گی جن سے ایران کی معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

اس ماہ کے آغاز میں جب کیر ی نے ایران کے ساتھ سمجھوتے کے خدوخال کا اعلان کیا تو انہوں نے کہا کہ ایران اور چھ طاقتوں کو مذاکرات میں درپیش ’’بہت مشکل معاملات‘‘ پر سفارت کاروں نے اتفاق کیا ہے۔ تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ کچھ تکنیکی اور پالیسی معاملات پر فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے۔

خیال کیا جا رہا ہےکہ ان میں مغرب کی طرف سے عائد پابندیوں کو اٹھانے کا ںظام الاوقات اور ایران کی جوہری تنصبیات تک مغربی معائنہ کاروں کی رسائی کی ضمانت کے معاملات شامل ہیں۔

برطانیہ، فرانس، روس امریکہ، جرمنی اور چین کے سفارت کاروں نے 31 مارچ کی مقرر کردہ ڈیڈلائن گزرنے کے دو روز بھی بعد ایران سے بات چیت جاری رکھی اور ابتدائی معاہدے پر اتفاق رائے پیدا کیا تاکہ ایران کے ساتھ مذاکرات کو آئندہ جاری رکھا جا سکے۔

کئی تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ ایران کے ساتھ حتمی معاہدے کے لیے 30 جون کی ڈیڈ لائن جیسے جیسے قریب آئے گی تو مذاکرات کاروں کے درمیان بات چیت کے کئی طویل ادوار کی توقع کی جا سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG