رسائی کے لنکس

جناح کا یوم ولادت، کراچی میں مزار قائد پر گارڈ تبدیل


تقریب میں تینوں مسلح افواج کے اہل کار اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے 80 چاک و چوبند کیڈٹوں نے مزار قائد کے نظم و نسق کی ذمہ داریاں سنبھالیں

پاکستانی عوام نے جمعہ کو اپنے قائد اور رہنما محمد علی جناح کا 139 واں یوم ولادت ملی جذبے اور جوش کے ساتھ منایا۔ اس موقع پر کراچی میں واقع ان کے مزار پر گارڈ کی تبدیلی عمل میں لائی گئی، جبکہ تبدیلی کے لئے خصوصی تقریب بھی منعقد کی گئی۔

تقریب میں تینوں مسلح افواج کے اہل کاروں اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کے دوران پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے 80 چاک و چوبند کیڈٹوں نے مزار قائد کے نظم و نسق کی ذمہ داریاں سنبھالیں۔

ملٹری اکیڈمی کا یہ دستہ یوم پاکستان یعنی23 مارچ 2016 تک گارڈ کے فرائض انجام دے گا۔

تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈنٹ پی ایم اے میجر جنرل ندیم رضا تھے جنھوں نے تلاوت قرآن کے بعد مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے، جبکہ مزار قائد پر فوجی بینڈ نے پر جوش انداز میں سلامی بھی دی۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے کیڈٹوں سے قبل پاک فضائیہ کے جوان سیکورٹی کی ذمے داریاں ادا کررہے تھے۔

تاریخی حوالوں کے مطابق، محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے۔ اس مناسبت سے اس روز پورے ملک میں عام تعطیل ہوتی ہے۔ ۔

صدر ممنون حسین کی مزار پر حاضری
یوم ولادت کے موقع پر ملک کے صدر ممنون حسین نے بھی جمعہ کو مزار قائد پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

سرکاری خبر رساں ادارے، اے پی پی کے مطابق یوم ولادت کے حوالے سے صدرِ پاکستان ممنون حسین اور وزیر اعظم نواز شریف نے قوم کے نام پیغامات بھی جاری کئے جن میں قائد اعظم کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

XS
SM
MD
LG