رسائی کے لنکس

ہیری پوٹر کی مصنفہ کا فرضی نام سے ناول


کل تک یہ بات کوئی نہیں جانتا تھا کہ ،جرم کی دنیا پر لکھا جانے والا ناول' ککوز کالنگ جس کے مصنف کا نام' رابرٹ گیلبریتھ ' بتایا گیا ہے وہ دراصل ہیری پوٹر ناول کی مصنفہ جے کے راؤلنگ کے قلم کی ایک کاوش ہے ۔

شہرہ آفاق ناول 'ہیری پوٹر' کی برطانوی مصنفہ نے اپنے نئے ناول کے لیے انتہائی رازداری سے ایک فرضی مرد مصنف کے نام کو استعمال کیا ہے لیکن مصنفہ کا راز افشا ہو چکا ہے۔
کل تک یہ بات کوئی نہیں جانتا تھا کہ، جرم کی دنیا پر لکھا جانے والا ناول ' ککوز کالنگ' ( کوئل کی پکار) کے مصنف فوجی افسر'رابرٹ گیلبریتھ' دراصل ہیری پوٹر ناول کی مصنفہ جے کے راؤلنگ خود ہیں۔
اپریل کے مہینے میں شائع ہونے والے اس ناول کو قارئین میں کافی پزیرائی حاصل ہورہی ہے اور 'ایمیزون' کی ویب سائٹ پراسے بیسٹ سیلر چارٹ میں شامل کیا گیا ہے جبکہ ناول کی اب تک ڈیڑھ ہزارکاپیاں فروخت کی جا چکی ہیں۔
پبلشرز کی ویب سائٹ کے مطابق، مصنف کا تعارف ایک ریٹائرڈ فوجی پولیس افسر کی حیثیت سے کرایا گیا ہے جو پہلی بار ککوز کالنگ کے ذریعے تحریری سفر کا آغاز کرتا ہے۔
تاہم برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز نے ککوز کالنگ کے بارے میں قیاس آرائی کرتے ہوئے کہا تھا کہ، جیسی پختہ تحریر ناول میں نظر آتی ہے وہ کسی کہنہ مشق مصنف کا شاہکار ہو سکتی ہے اور اسے کسی طرح بھی ایک نووارد مصنف کی تحریر نہیں کہا جا سکتا ہے۔
آخر کار جے کے راؤلنگ نےاس معاملے کی حقیقت سے پردہ اٹھاتے ہوئےخود ہی اخبار کو بتا دیا کہ ''اس بار میں قارئین کی بلند توقعات اور میڈیا کی تشہیر سے بالا ہی بالا اپنا کام مکمل کرنا چاہتی تھیں اورمجھے اس میں کامیابی بھی حاصل ہوئی ہے کیونکہ ایک بار پھر سے نئے مصنف کی حیثیت سے تعریفی کلمات سمیٹنا میرے لیے بہت دلچسپ تجربہ ثابت ہوا ہے۔''

ان کا مزید کہنا تھا کہ ''میں چاہتی تھی کہ، اس بات کو مزید کچھ عرصے صیغہ راز میں رکھوں اورگیلبریتھ کے نام کے ساتھ آزادی سے لکھنے کا سفر جاری رکھ سکوں۔''
جن باتوں کی وجہ سے راؤلنگ کا راز جلد ہی افشا ہو گیا ان میں ککوز کالنگ کے مصنف راپرٹ اور جے کے راؤلنگ کے درمیان کئی باتوں کا مشترک پایا جانا تھا مثلا گیلبریتھ کا ایجنٹ، مدیر اور پبلشرز وہی تھے جو راؤلنگ کے پچھلے ناول کیژوئل ویکینسی کے رہے تھے اور سب سے بڑھ کر دونوں مصنفین کے انداز تحریر میں حد درجے مماثلت موجود تھی۔
'ککوز کالنگ' کی کہانی ایک فوجی افسر کی کہانی ہے جو بعد میں ایک پرائیوٹ جاسوس کے طور پر ایک ماڈل کے قتل کی گتھی کو سلجھاتا ہے۔
اس ناول کے بارے میں سماجی رابطوں کی سائٹس پر بھی بہت سے تبصرے کیے گئے ہیں مثلا، ایک مرد مصنف کا عورت کے لباس کی جزئیات کو خوبصورتی سے بیان کر نا بہت سے قارئین کے لیے حیرت کا باعث تھا تو دوسری جانب کہانی کا اسلوب جس ہنر مندی سے بیان کیا گیا ہے وہ ایک نئے مصنف کے قلم سے تحریر کردہ معلوم نہیں ہوتا ہے۔
بہترین مصنفہ کا ایواڈ رکھنے والی راؤلنگ گزشتہ برس نوجوانوں کے لیے ایک ناول 'کیژوئل ویکینسی' کے نام سے شائع کر چکی ہیں جسے خاطر خواہ کامیابی حاصل نہیں ہوئی تھی اور اس پر انھیں کافی تنقید کا سامنا بھی رہا تھا ۔
ہیری پوٹر ناول کا شمار دنیا کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی کتابوں میں ہوتا ہے جبکہ ،اس ناول پر مبنی ہیری پوٹر فلم سیریز کی کل آٹھ فلمیں بنائی گئی ہیں۔
راولنگ کا کہنا تھا کہ وہ رابرٹ کے نام سے اپنے قلمی سفر کو جاری رکھیں گی ہاں البتہ ان کا مصنف میڈیا کی چکا چوند سے دور نظر آئیگا ۔
بتایا گیا ہے کہ، ککوز کالنگ کی دوسری جلد ابھی تحریری مراحل میں ہے جو آئندہ برس تک شائع کی جائے گی ۔
XS
SM
MD
LG