رسائی کے لنکس

نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کے لیے 25 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان


دونوں ملکوں کے درمیان اسٹرایٹیجک مذاکرات کے تحت ایک اضافی چھٹے ورکنگ گروپ کا بھی اعلان کیا گیا جو تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون سے متعلق ہو گا۔

امریکہ نے پاکستان کے قبائلی علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد وہاں سے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی مدد کے لیے 25 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

امریکہ اور پاکستان کے درمیان طویل المدت شراکت داری کے اسٹریٹیجک مذاکرات کے اختتام پر وزیر خارجہ جان کیری اور پاکستانی وزیراعظم کے مشیر برائے اُمور خارجہ و قومی سلامتی سرتاج عزیز نے منگل کو ایک مشترکہ نیوز کانفرنس سے خطاب کیا، جس میں امریکہ کی طرف سے اس اعانت کی فراہمی کا اعلان کیا گیا۔

اسٹریٹیجک مذاکرات میں وزیر خارجہ جان کیری اور سرتاج عزیز نے اپنے اپنے ملکوں کے وفود کی قیادت کی۔

مشترکہ نیوز کانفرنس میں جان کیری نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات صرف انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں تعاون اور مشترکہ خطرات سے نمٹنے تک ہی محدود نہیں ہیں بلکہ ان کا مقصد ایسے تعلقات کا فروغ ہے جو دونوں ملکوں کو محفوظ، مستحکم اور زیادہ خوشحال بنائیں۔

وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ ’’گزشتہ پانچ برسوں کے دوران امریکہ نے پاکستان کے ساتھ مل کر 1400 میگاواٹ اضافی بجلی قومی گرڈ میں شامل کی جو 1 کروڑ 60 لاکھ پاکستانیوں کی ضروریات کے لیے کافی ہے۔‘‘

اُنھوں نے کہا کہ امریکہ نے 900 سے زائد اسکولوں کی تعمیر اور تعمیر نو کی جب کہ 18 پاکستانی اور امریکی یونیورسٹیوں کے درمیان شراکت داری قائم کی ہے۔

دونوں ملکوں کے درمیان اسٹریٹیجک مذاکرات کے تحت ایک اضافی چھٹے ورکنگ گروپ کا بھی اعلان کیا گیا جو تعلیم، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون سے متعلق ہو گا۔

پاکستان اور امریکہ کے درمیان مذاکرات کے اختتام پر ایک مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ایک سال کے دوران دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور پائیدار ترقی کے مقصد کے حصول پر بات چیت کی۔​

XS
SM
MD
LG