رسائی کے لنکس

امن مشن کے مغوی اہلکار اردن کے شہری


اردن نے کہا ہے کہ سوڈان کے علاقے دارفر میں اغوا کیے گئے اقوام متحدہ امن مشن کے دو مشیر اس کے شہری ہیں۔

امن مشن ”یو این اے ایم آئی ڈی“ نے ایک بیان میں ہفتہ کے روز جنوبی دارفر کے دارالحکومت نیالا میں اغوا کی اس واردات کی تصدیق کی تھی لیکن مغویوں کی شہریت نہیں بتائی گئی تھی۔

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکاروں کو اْن کی رہائش گاہ سے چند گز کے فاصلے پر ایک گاڑی میں سوار تین افراد نے اسلحے کے زور پر اغوا کیاتھا۔ وہ پیدل اس مقام کی طرف جا رہے تھے جو امن مشن کی گاڑیوں میں سوار ہونے کے لیے مقرر کیا گیا تھا۔

عالمی تنظیم کا کہنا ہے کہ یہ واردات امن مشن پر حالیہ ہفتوں میں کیے جانے والے حملوں میں تازہ ترین واقعہ ہے اور اس کی تفتیش کی جا رہی ہے۔ گذشتہ ماہ گھات لگا کر کیے گئے ایک حملے میں امن مشن کے سات اہلکار زخمی ہو گئے تھے، جب کہ جون میں ایسے ہی ایک واقعہ میں تین اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا تھا۔

اقوام متحدہ کا امن مشن 2008ء کے اوائل سے دارفر میں شہریوں کے تحفظ اور تشدد کی روک تھام کے لیے تعینات ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق سات سال سے جاری لڑائی میں تین لاکھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ سوڈان کی حکومت تقریباً دس ہزار افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتی ہے۔

XS
SM
MD
LG