رسائی کے لنکس

سپریم کورٹ کے نئے ججوں نے حلف اُٹھا لیا


سپریم کورٹ کے نئے ججوں نے حلف اُٹھا لیا
سپریم کورٹ کے نئے ججوں نے حلف اُٹھا لیا

سپریم کورٹ میں تعینات ہونے والے جج صاحبان نے جمعرات کے روز اپنے عہدوں کا حلف اُٹھا لیا ہے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے جسٹس ثاقب نثاراور جسٹس آصف سعید کھوسہ سے عدالت عظمیٰ کے مستقل جج کی حیثیت سے حلف لیا جب کہ جسٹس خلیل الرحمن رمدے نے بطور ایڈہاک جج کے حلف اُٹھایا۔

خیال رہے کہ اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تعیناتی کے معاملے پر سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے اُن کی سرکاری رہائش گاہ پربدھ کے روز ایک طویل ملاقات کی جو تین گھنٹے سے زائد جاری رہی ۔ جس کے بعد وزیراعظم گیلانی نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے بتایا تھا کہ چیف جسٹس کی مشاور ت کے مطابق اب سپریم کورٹ میں ججوں کی تعیناتی کا ایک نیا نوٹیفکیشن جاری کیا جارہا ہے اور جو پرانے سرکاری اعلامیہ کی جگہ لے لے گا۔ اسی تناظر میں صدر آصف علی زرداری نے بدھ کو رات دیر گئے ایک نیا نوٹیفکیشن جاری دیاتھا۔

خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے کی شام چیف جسٹس کی سفارشات کے برعکس صد ر آصف علی زرداری لاہور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس خواجہ شریف کو سپریم کورٹ کا جج جب کہ جسٹس ثاقب نثار لاہور ہائی کورٹ کا قائم مقام چیف جسٹس تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا لیکن عدالت عظمٰی نے اس معاملے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے ججوں کی تعیناتی کی سرکاری اعلامیے کے اجراء کے کچھ ہی دیر بعد اُسے معطل کر کے مقدمے کی سماعت 18 فروری کو کرنے کا اعلان کیا ۔ لیکن اب ججوں کی تعیناتی کا معاملہ حل ہونے کے بعد اس مقدمے کی سماعت نہیں ہوئی اور اٹارنی جنرل نے عدالت سے کہا کہ کیوں اب یہ مسئلے حل ہو گیا اس لیے اس مقدمے کو ختم کردیا جائے۔

XS
SM
MD
LG