رسائی کے لنکس

معمر افراد پر تشدد، عالمی ادارے کا آگہی پر زور


دنیا بھر میں تقریباً 6 فی صد معمر افراد کو گھروں میں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے، جس میں جسمانی، جذباتی، جنسی اور نفسیاتی رویے شامل ہیں: عالمی ادارہ ِصحت کے اعداد و شمار

15 جون کو دنیا بھر میں عمر رسیدہ افراد پر تشدد کے خلاف آگہی کا دن منایا جا رہا ہے۔ عالمی ادارہ ِصحت کے مطابق، دنیا بھر میں معمر افراد پر تشدد ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے، جس کے باعث دنیا بھر میں لاکھوں افراد کی صحت اور انسانی حقوق متاثر ہو رہے ہیں۔

عالمی ادارہ ِصحت کے اعداد و شمار کے مطابق، دنیا بھر میں تقریباً 6 فی صد معمر افراد کو گھروں میں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

اقوام ِمتحدہ کے مطابق، 2025ء تک دنیا بھر میں 60 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کی تعداد ایک ارب 2 کروڑ ہو جائے گی۔ یہ اعداد و شمار 1995ء میں ریکارڈ کیے جانے والے اعداد و شمار سے دو گنا زیادہ ہیں۔

اقوام ِ متحدہ کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر معمر افراد کی آبادی میں اضافے کے ساتھ ساتھ ان پر تشدد میں اضافے کا امکان بھی زیادہ ہے۔

جنوبی افریقہ کے شہر پریٹوریا سے تعلق رکھنے والے نیکوڈیمس چیپوپا اس تحریک کا حصہ ہیں جس میں معمر افراد کے حقوق کے حوالے سے آگہی اجاگر کی جا رہی ہے۔ نیکوڈیمس چیپوپا، جنوبی افریقہ میں ’ہیلپ ایج انٹرنیشنل‘ کے علاقائی سربراہ کے طور پر فرائض انجام دے رہے ہیں۔

نیکوڈیمس چیپوپا کہتے ہیں کہ، ’معمر افراد پر تشدد ایک عالمی نوعیت کا مسئلہ ہے اور بہت سے ممالک میں یہ مسئلہ بڑھتا جا رہا ہے۔ بہت سے ممالک میں حکومتوں کو اس بارے میں قانون سازی کرنا ضروری ہے۔ معمر افراد کو جسمانی، جذباتی، جنسی اور نفسیاتی طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ بعض اوقات معمر افراد کے حقوق کا خیال اور تحفظ نہیں کیا جاتا‘۔

نیکوڈیمس چیپوپا نے مزید کہا کہ، ’بعض ممالک میں صورتحال زیادہ خراب ہے جیسا کہ افریقہ جہاں پر معمر افراد پر جادوگری کا الزام لگا کر انہیں تشدد کرکے ہلاک کر دیا جاتا ہے۔ افریقہ میں ایسے معمر افراد کو بھی جادوگر قرار دے دیا جاتا ہے جو یادداشت سے متعلق بیماری الزائمرز کا شکار ہو جاتے ہیں‘۔

اقوام ِ متحدہ کا ایک گروپ معمر افراد کے ان مسائل کے حل کے لیے رواں برس جولائی میں اجلاس کرے گا، اور دنیا بھر میں عمر رسیدہ افراد کے مسائل کے حوالے سے معلومات اور شواہد اکٹھا کرکے اس پر کام کرے گا۔
XS
SM
MD
LG