رسائی کے لنکس

امریکی محکمۂ انصاف بالٹیمور پولیس کی تحقیقات کرے گا


اٹارنی جنرل لوریٹا لنچ
اٹارنی جنرل لوریٹا لنچ

لنچ نے کہا کہ اگر تحقیقات میں غیر آئینی پالیسیاں اور طرزِ عمل سامنے آیا تو محکمۂ انصاف ان مسائل کے حل کے لیے ایک ایسا معاہدہ کرنے کی کوشش کرے گا جس کا نفاذ عدالت کے ذریعے کیا جا سکے۔

امریکہ کی اٹارنی جنرل لوریٹا لنچ نے اعلان کیا ہے کہ امریکی محکمہ انصاف پولیس تحویل میں ایک سیاہ فام شخص کی موت کے تناظر میں بالٹیمورمحکمہ پولیس کی جانب سے شہری حقوق کی ممکنہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرے گا۔

یہ تحقیقات شہر میں پولیس کے غیر آئینی طرزِ عمل کا جائزہ لیں گی، جیسا کہ طاقت کا ضرورت سے زیادہ استعمال یا نامناسب طور پر روکنا اور تلاشی۔

لوریٹا لنچ نے کہا کہ ’’ہمارا مقصد آبادی، عوامی نمائندوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر بہتر اور مضبوط تر بالٹیمور کے لیے کام کرنا ہے۔ اس عمل کا حتمی مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ پولیس اہلکاروں کو وہ تمام چیزیں مہیا کی جائیں جن کی انہیں زیادہ مؤثر کارگردگی، شہریوں کے ساتھ شراکت قائم کرنے اور تحفظِ عامہ کو مضبوط بنانے کے لیے ضرورت ہے، جن میں تربیت، پولیس رہنمائی اور سازوسامان شامل ہیں۔‘‘

لنچ نے کہا کہ اگر تحقیقات میں غیر آئینی پالیسیاں اور طرزِ عمل سامنے آیا تو محکمۂ انصاف ان مسائل کے حل کے لیے ایک ایسا معاہدہ کرنے کی کوشش کرے گا جس کا نفاذ عدالت کے ذریعے کیا جا سکے۔

بالٹیمور کی میئر سٹیفنی رالنگ بلیک نے اپریل میں 25 سالہ فریڈی گرے کی موت کے بعد اپنے شہر کے محکمہ پولیس کی وفاقی تحقیقات کے لیے درخواست دی تھی۔ فریڈی گرے کی موت پولیس گاڑی میں گردن پر چوٹ آنے سے واقع ہوئی۔

بالٹیمور شہر کی اٹارنی میریلین موبسی نے گزشتہ ہفتے چھ پولیس اہلکاروں کے خلاف فوجداری الزامات، جن میں قتل کا الزام بھی شامل ہے، کا اعلان کیا تھا۔

پولیس افسروں کے وکلا کا مطالبہ ہے کہ استغاثہ اپنے آپ کو اس کیس سے علیحدہ کر لے۔ انہوں نے مفادات کے ٹکراؤ کی چھ ممکنہ وجوہات بیان کی ہیں جن کی بنا پر موبسی سے اس کیس سے علیحدہ ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔ ان میں یہ دلیل بھی شامل ہے کہ گرے خاندان کا ایک وکیل موبسی کا قریبی دوست ہے۔

دوسری وجوہات یہ ہیں کہ میریلین موبسی اور ان کے شوہر، بالٹیمور سٹی کونسل کے رکن نک موبسی کو اس کیس سے مالی اور سیاسی فائدہ حاصل ہو گا، میریلین موبسی کے ممکنہ گواہان کے ساتھ ذاتی تعلقات ہیں، ان کا دفتر اس کیس کی تحقیقات میں کردار ادا کر رہا ہے اور یہ کہ ان کے دفتر کے خلاف ایک سول مقدمہ زیر التواء ہے۔

فریڈی گرے کی موت امریکہ میں پولیس کے ہاتھوں مرنے والے سیاہ فام افراد کی موت کا تازہ ترین واقعہ ہے۔ ان کیسوں کی وجہ سے امریکہ میں نسلی کشیدگی میں اضافہ ہوا ہے اور پولیس کی طرف سے طاقت کے ضرورت سے زیادہ استعمال اور نسلی امتیاز کے بارے میں نئے خدشات نے جنم لیا ہے۔

XS
SM
MD
LG