رسائی کے لنکس

کابل میں دھماکا، بغلان کے ایک ضلعے پر طالبان کا ’قبضہ‘


فائل فوٹو
فائل فوٹو

واضح رہے کہ یہ بم دھماکا ایسے وقت کیا گیا جب ملک میں طالبان جنگجوؤں نے اپنی کارروائیاں بڑھا دی ہیں۔

افغانستان کے دارالحکومت کابل میں امریکی سفارت خانے کے قریب کم شدت کے بم دھماکے میں کم از کم دو افراد زخمی ہو گئے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹیڈ پریس ’اے پی‘ کے مطابق ایک گاڑی کے ساتھ نصب کیے گئے اس چھوٹے بم کا ہدف بظاہر افغان فوج کے اہلکار تھے۔

افغان حکام نے دارالحکومت کابل میں اس بم دھماکے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

واضح رہے کہ یہ بم دھماکا ایسے وقت کیا گیا جب ملک میں طالبان جنگجوؤں نے اپنی کارروائیاں بڑھا دی ہیں۔

اُدھر خبر رساں ادارے ’رائیٹرز‘ کے مطابق کئی دنوں کی لڑائی کے بعد افغان عہدیداروں نے تصدیق کی ہے کہ طالبان نے ملک کے شمال میں صوبہ بغلان کے ایک ضلع پر قبضہ کر لیا ہے۔

رائیٹرز نے بغلان کے نائب پولیس سربراہ عامر گل کے حوالے سے بتایا کہ دھنہ غوری ضلع کئی دن سے طالبان کے محاصرے میں تھا اور اتوار کو دیر گئے طالبان نے اس پر قبضہ کر لیا۔

صوبائی پولیس کے عہدیدار کے مطابق سکیورٹی فورسز کے اہلکار کئی دنوں سے طالبان کے خلاف لڑ رہے تھے اور بروقت اضافی کمک نا پہنچنے پر طالبان کو کامیابی ملی۔

طالبان کے ترجمان ذبیع اللہ مجاہد نے دعویٰ کیا کہ طالبان جنگجوؤں نے ضلع پر اپنا پرچم لہرا دیا ہے۔

بغلان کی سرحدیں صوبہ قندوز سے بھی ملتی ہیں جہاں گزشتہ سال پہلی مرتبہ طالبان نے کچھ دنوں کے لیے قبضہ کر لیا تھا لیکن امریکی فورسز کی فضائی مدد کے سبب افغان فورسز نے چند ہی روز میں طالبان کا قندوز شہر سے قبضہ ختم کروا لیا تھا۔

اُدھر جنوبی صوبہ ہلمند میں بھی افغان فورسز اور طالبان کے درمیان لڑائی کئی روز سے جاری ہے تاہم وہاں افغان فورسز نے طالبان کو ہلمند میں آگے بڑھنے سے روک رکھا ہے۔

XS
SM
MD
LG