رسائی کے لنکس

مونالیزا، دو فلموں کی ریلیز کے بعد منفرد مقام حاصل کرلیں گی


مونالیزا، دو فلموں کی ریلیز کے بعد منفرد مقام حاصل کرلیں گی
مونالیزا، دو فلموں کی ریلیز کے بعد منفرد مقام حاصل کرلیں گی

پاکستانی ایکٹریس مونا لیزا کی پہلی بھارتی فلم کجرارے نمائش کے لئے تیارہے ۔مونا لیزا کو آپ نے اب تک ماڈلنگ کرتے دیکھا ہوگا اب آپ انہیں فلم کجرارے میں بھی جلدہیروئن کی حیثیت سے دیکھ سکیں گے۔ فلم کی ہدایت کارہ پوجا بھٹ کا کہنا ہے کہ کجرارے بھارت اور پاکستان میں بیک وقت اکتوبر کے آخری ہفتے یا پھر نومبر کے شروع میں ریلیز کردی جائے گی۔ فلم میں ہیرو کا کردار ہمیش ریشمیا نے اداکیا ہے۔
یہ ایک حسین اتفاق ہے کہ مونالیزا کی پہلی پاکستانی فلم سلطنت بھی نومبر کے شروع ہفتے میں ریلیز کی جارہی ہے۔ اس طرح مونالیزابھارت اور پاکستان میں بیک وقت پہلی بھارتی اور پہلی پاکستانی فلم کی نمائش کے حوالے سے منفرد اعزاز رکھنے والی اداکارہ بن جائیں گی۔
فلم کی زیادہ تر شوٹنگ ملک شام میں کی گئی ہے۔ فلم میں ہمیش ریشمیا نے وکیل کا کردار اداکیا ہے۔ ایک عدالتی کارروائی کے درمیان ہیروئن سے اس ملاقات ہوتی ہے اور دونوں محبت کربیٹھے ہیں۔ فلم کی کہانی اسی محبت کے حصول کے گرد گھومتی ہے۔
مونا لیزا فلم کی ریلیز کے سلسلے میں نومبر کے پہلے ہفتے میں بھارت جارہی ہیں۔ یہ ان کی پہلی فلم ہے لہذا ان کا فلموں میں مستقبل کجرارے کی کامیابی یا ناکامی سے مشروط ہوگیا ہے۔ پاکستان سے ہی تعلق رکھنے والے گلوکار علی ظفر نے بھی حال ہی میں ایک بھارتی فلم میں کام کرکے باصلاحیت اداکار کا لوہا منوایا ہے جبکہ اداکار و اداکارہ میرااورمعمر رانا نے بھی بھارتی فلموں میں کام کیا مگر کوئی خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کرسکے۔ اسی طرح سلمان شاہد، جاوید شیخ اور ہمایوں سعید نے بھی ممبئی فلم انڈسٹری میں قدم رکھا مگر انہیں بھی کوئی خاص کامیابی نہیں ملی۔
مونا لیزا کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ ان کے پاس کئی بھارتی فلموں کی آفر ہے مگر وہ اس کی تفصیلات ابھی نہیں بتا سکتیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کجرارے میں کام کرکے انہیں نہ صرف مزا آیا بلکہ ممبئی میں کام کرکے ان کے پیشہ ورانہ تجربے میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
مونا لیزا کی پاکستان میں تیار ہونے والی پہلی فلم سلطنت کے ہدایت کار فیصل بخاری ہیں۔ اس فلم میں بھی مونا نے لیڈنگ رول کیا ہے ۔ فلم انڈر ورلڈ کے موضوع پر بنائی گئی ہے۔ اسی فلم میں مونا پر ایک آئٹم سونگ بھی پکچرائز کیا گیا ہے۔ فلم کی دیگر فنکاروں میں جاوید شیخ اور احسن خان شامل ہیں۔ احسن خان فلم نے مونا کے مقابل لیڈنگ رول کیا ہے۔
فلم سلطنت لاہور فلم انڈسٹری کی اب تک بننے والی سب سے مہنگی فلم ہے۔ اس پر ساٹھ سے ستر ملین روپے خرچ ہوئے ہیں۔ سلطنت کے حوالے سے مونا لیزا کا کہنا ہے کہ وہ پاکستانی فلمیں کرنے میں ہی زیادہ دلچسپی رکھتی ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ سلطنت کے بعد نہ صرف پاکستانی فلمیں دیکھنے کے رجحان میں مزید اضافہ ہوگا بلکہ نے پروجیکٹس بھی شروع ہوسکیں گے ۔
مستقبل کے حوالے سے کئے گئے ایک سوال پر مونا لیزا کا کہنا تھا کہ وہ فی الحال ماڈلنگ سے زیادہ اداکارہ پر توجہ دے رہی ہیں اور اگر انہیں ماڈلنگ کی دنیا سے بھی کوئی اچھی آفر ہوئی تو وہ منع نہیں کریں گی۔

XS
SM
MD
LG