رسائی کے لنکس

کراچی : صنعتی علاقوں میں رینجرز تعینات، مچھر کالونی میں آپریشن، ٹارگٹ کلرزگرفتار


کراچی : صنعتی علاقوں میں رینجرز تعینات، مچھر کالونی میں آپریشن، ٹارگٹ کلرزگرفتار
کراچی : صنعتی علاقوں میں رینجرز تعینات، مچھر کالونی میں آپریشن، ٹارگٹ کلرزگرفتار

کراچی کے صنعتی علاقوں میں امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے رینجرز کی اضافی نفری تعینات ہونا شروع ہوگئی ہے جبکہ جمعہ کو رینجرز اور پولیس کی جانب سے مچھر کالونی کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف سرچ آپریشن کیا گیا۔ ادھر سی آئی ڈی پولیس نے شہر سے مزید پانچ ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا گیا۔

صنعتی علاقوں میں رینجرز کی تعیناتی شہر کی کاروباری و تجارتی شخصیات کی درخواست پر کیا گیا ۔ ان شخصیات نے آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی سے ایک ملاقات میں یہ درخواست کی تھی کہ شہر کے صنعتی علاقوں میں امن و امان برقرار رکھنے اور تجارتی سرگرمیوں کو مزید پرامن طریقے سے آگے بڑھانے کے لئے رینجرز کی اضافی نفری تعینات کی جائے۔ ان شخصیات کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے تاجر برادری میں تحفظ کا احساس بڑھے گا۔

اطلاعات کے مطابق رینجرز کی اضافی نفری کراچی کے مختلف صنعتی زون میں پہنچنا شروع ہو گئی ہے جب کہ بعض زونز میں رینجرز کی تعیناتی کا کام مکمل کر لیا گیاہے۔

دوسری جانب کراچی کے گنجان آباد علاقے مچھر کالونی میں رینجرزو پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران رینجرز کی جانب سے ماڑی پور روڈ سے متصل مچھر کالونی کا محاصرہ کیا گیا۔محاصرے کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی ۔

دوسری جانب کراچی میں سی آئی ڈی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں سے5 ٹارگٹ کلرز کوگرفتار کرلیاہے۔ایس ایس پی ،سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے مطابق گرفتار ملزمان ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں ۔ انہیں اتحاد ٹاوٴن اور موچکو گوٹھ میں آپریشن کے دوران گرفتارکیاگیاہے۔

گرفتار ملزمان سے اسلحہ بھی برآمد کیاگیا ہے جس میں 2 کلاشنکوف، 5 ٹی ٹی پستول او ر متعدد گولیاں شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG