رسائی کے لنکس

کراچی: افغان قونصل خانے میں فائرنگ سے ایک سفارت کار ہلاک


پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا سیکورٹی گارڈ بھی افغان شہری ہی ہے اور اُسے حراست میں لے لیا گیا ہے۔

کراچی کے علاقے دو تلوار کلفٹن میں واقع افغانستان کے قونصل خانے میں تعینات سیکورٹی گارڈ کی فائرنگ سے ایک افغان سفارت کار ہلاک ہو گیا۔

پولیس کی طرف سے فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والے افغان سفارت کار کا نام محمد ذکی ابدو بتایا گیا اور وہ تھرڈ سیکریٹری کی حیثیت سے تعینات تھے۔

پاکستان میں تعینات افغانستان کے سفیر حضرت عمر زخیلوال نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ قونصل خانے کے اندر ہی دن کو لگ بھگ ساڑھے 12 بجے ایک افغان محافظ کی فائرنگ سے ایک سفارت کا ہلاک ہو گیا۔

افغان سفیر نے کہا کہ بظاہر اس واقعہ کی وجہ ذاتی رنجش معلوم ہوتی ہے۔

کراچی میں افغان قونصل خانے کا بیرونی منظر
کراچی میں افغان قونصل خانے کا بیرونی منظر

واقعے کے فوراً بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے قونصل خانے کو گھیرے میں لے لیا، اور سکیورٹی فورسز کے ایک دستے نے قونصل خانے میں داخل ہو کر افغان محافظ راحت اللہ کو گرفتار کر لیا جب کہ اس کا اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے۔

پولیس کا بھی کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق یہ واقعہ ذاتی دشمنی اور چپقلش کا نتیجہ ہے۔

اطلاعات کے مطابق فرحت اللہ نجی سیکورٹی کمپنی کا ملازم ہے جو بطور گارڈ قونصل خانے میں تعینات کیا گیا تھا۔

دریں اثناء پاکستانی وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق یہ واقعہ افغانستان کے قونصل خانے کی عمارت کے اندر ’لابی‘ میں پیش آیا۔

بیان کے مطابق جانی نقصان کو کم سے کم کرنے کے لیے پولیس نے فوری طور پر کارروائی کی۔

پاکستان کے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے افغان سفیر حضرت عمر زخیلوال سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے اس اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کیا۔

سیکرٹری خارجہ نے اس معاملے کی ضروری تحقیقات میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

XS
SM
MD
LG