رسائی کے لنکس

کراچی: عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی امیدوار قتل


فائل فوٹو
فائل فوٹو

گولیوں کا نشانہ بننے والا صادق خٹک کا چھ سالہ بیٹا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ الیکشن کمیشن نے انتخابی امیدوار کی ہلاکت کے بعد حلقہ این اے 254 میں انتخابات ملتوی کردیے ہیں۔

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں جمعہ کو عوامی نیشنل پارٹی کے انتخابی امیدوار کو فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا گیا جس کے بعد الیکشن کمیشن نے حلقہ این اے 254 میں انتخابات ملتوی کردیے ہیں۔

کراچی میں کورنگی کے علاقے بلال کالونی میں سابقہ حکومت کی اتحادی جماعت عوامی نیشنل پارٹی ’اے این پی‘ کے امیدوار برائے قومی اسمبلی صادق زمان خٹک پر ایک مسجد کے قریب نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔

فائرنگ سے دو بچوں سمیت چار افراد بھی زخمی ہوئے جب کہ گولیوں کا نشانہ بننے والا صادق خٹک کا چھ سالہ بیٹا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

11 مئی کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل ملک کے مختلف علاقوں میں انتخابی امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کے کارکنوں پر ہلاکت خیز حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

خصوصاً سابقہ حکمران اتحاد کی جماعتیں پیپلز پارٹی، متحدہ قومی موومنٹ اور عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں، امیدواروں اور دفاتر پر حملے میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔

ان تینوں جماعتوں کے رہنماؤں نے رواں ہفتے ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں کہا تھا کہ بعض عناصر انھیں انتخابات سے دور رکھنا چاہتے ہیں لیکن ان کی جماعتیں الیکشن میں بھرپور حصہ لیں گی۔

ادھر اطلاعات کے مطابق کراچی ہی کے علاقے پاپوش نگر میں فائرنگ کے نتیجے میں متحدہ قومی موومنٹ کا ایک کارکن ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
XS
SM
MD
LG