رسائی کے لنکس

کراچی ، تحریک طالبان کے دو دہشت گرد گرفتار، اسلحہ اور خود کش جیکٹ برآمد


کراچی میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان ، حکیم اللہ محسود گروپ سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان کی گرفتار کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن سے عمل میں آئی۔ سی آئی ڈی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی انجام دی ۔

ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کا کہنا ہے کہ دونوں دہشت گرد کراچی میں ہونے والے حالیہ بم دھماکوں اور نیٹوفوج کے قافلوں پر حملے اور دیگر سنگین جرام میں ملوث ہیں ۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور خود کش جیکٹ بھی برآمد ہوئی ہے۔

ایس ایس پی سی آئی ڈی چوہدری اسلم کے مطابق دہشت گرد وں کے نام قاری عاصم محسوداور محمد نعمان بتائے جاتے ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والے اسلحے میں2کلاشنکوف، درجنوں گولیاں ، ایک خود کش جیکٹ، 35فٹ ڈیٹونیٹر وائر، 2ڈیٹونیٹر اور 2میگزین شامل ہیں۔

دوران تفتیش ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ۱پریل2011ء میں لشکر جھنگوی کے دو ساتھیوں اکرم لاہوری اور عطاء اللہ کو سینٹرل جیل کراچی سے چھڑانے کی بھی منصوبہ بندی کی تھی اور اس سلسلے میں سینٹرل جیل کراچی پر حملہ بھی کرنا تھا تاہم سیکورٹی وجوہات کی بناء پر یہ منصوبہ ترک کردیا گیا۔

ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے مبارک احمد قادیانی کو بھی ایک خود کش دھماکے میں اڑانے کی کوشش کی تھی تاہم خود کش بمبار کی جیکٹ مبارک احمد قادیانی کے گھر سے کچھ فاصلے پر ایم بی اے فلیٹ کے سامنے پھٹ گئی تھی جس کے نتیجے میں اسد نامی خود کش بمبار ہلاک ہوگیا تھا۔

XS
SM
MD
LG