رسائی کے لنکس

کراچی: رینجز کی کارروائی، 16 مشتبہ افراد گرفتار


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

رینجرز حکام کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد کراچی میں دہشت گردی اور سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں۔

پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں ہفتہ کی صبح رینجرز نے منگھو پیر کے علاقے میں ٹارگٹیڈ آپریشن شروع کیا جس میں سنگین جرائم میں ملوث 16 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

رینجرز حکام کے مطابق حراست میں لیے گئے افراد کراچی میں دہشت گردی اور سنگین جرائم میں ملوث رہے ہیں۔

سندھ رینجرز کے بریگیڈئر حامد علی نے منگھو پیر کے علاقے میں کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے آپریشن کے بعد میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ شہر میں قیام امن کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے ہر حصے میں جا رہے ہیں۔

اُنھوں نے دعویٰ کیا کہ منگھو پیر کے علاقے سے شر پسند عناصر کا صفایا کر دیا گیا ہے اور رینجرز کے دستے بھی تعینات کر دیئے گئے ہیں تاکہ کراچی کے امن کو خراب کرنے والے دوبارہ اس علاقے میں سر نا اٹھا سکیں۔

’’دشمن جہاں بھی ہے اس کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کہ دیکھیں وہ بھاگ جائے گا اور اس کو ختم کر دیا جائے گا اس طرح کا کوئی امکان نہیں ہے کہ وہ یہاں رہے اور پنپ سکے یہ آپ اپنے اداروں پر یققین رکھیں ہمیں آپ کا تعاون چاہئے۔‘‘

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہفتہ کو تشدد کے واقعات میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حالیہ مہینوں میں ملک کے اقتصادی مرکز میں تشدد کے واقعات میں تیزی آئی ہے اور رواں ماہ کے اوائل میں کراچی کے عباس ٹاؤن میں ایک طاقتور بم دھماکے میں لگ بھگ 45 افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔

اُدھر کراچی میں نگراں وزیراعلیٰ سندھ زاہد قربان علوی نے ہفتہ کو مزار قائد پر حاضری کے بعد کہا کہ صوبائی دارالحکومت سمیت سندھ میں قیام امن اُن کی اولین ترجیح ہو گی۔

جمعہ کو سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کو حکم دیا کہ وہ شہر میں امن و امان کی صورت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کریں۔
XS
SM
MD
LG