رسائی کے لنکس

کراچی: بم دھماکے میں 11 افراد ہلاک، رینجرز پر خودکش حملہ


یہ دھماکا کراچی میں صوبائی اسمبلی کے ایک حلقے سے عوامی نیشنل پارٹی کے اُمیدوار امان اللہ محسود کے دفتر کے قریب ہوا۔

پاکستان کے ساحلی شہر کراچی میں انتخابات کے دوران عوامی نیشنل پارٹی کے دفتر کے قریب بم دھماکے میں کم از کم 11 افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ ایک خودکش حملے میں دو رینجرز اہلکار بھی مارے گئے ہیں۔

پولیس کے مطابق پہلا دھماکہ ہفتے کی صبح کراچی کے علاقے قائد آباد میں داؤد چورنگی میں سندھ کی صوبائی اسمبلی کے ایک حلقے سے عوامی نیشنل پارٹی کے اُمیدوار امان اللہ محسود کے دفتر کے قریب ہوا۔

جب دھماکا ہوا تو امان اللہ اپنے دفتر موجود تھے اور اطلاعات کے مطابق وہ معمولی زخمی بھی ہوئے۔

ہفتے کی شام پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد کراچی کے علاقے منگھوپیر روڈ پر ہونے والے ایک دھماکے میں دو رینجرز اہلکار ہلاک اور پانچ زخمی ہوگئے۔

علاقہ پولیس کے مطابق رینجرز اہلکار ناکہ لگا کر چیکنگ کر رہے تھے جب ایک مبینہ موٹر سائیکل سوار خود کش حملہ آور نے روکنے پر دھماکہ کردیا۔

دھماکے میں رینجرز کے سات اہکار زخمی ہوئے جن میں سے بعد ازاں اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے۔

خیال رہے کہ ملک میں آبادی کے لحاظ سے سب سے بڑے شہر کراچی میں انتخابی مہم کے دوران بھی سیاسی جماعتوں کے دفاتر اور انتخابات میں حصہ لینے والے اُمیدوار کو بم حملے سے نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

جمعہ کو کراچی میں ہی سندھ اسمبلی کے ایک حلقے سے مہاجر قومی موومنٹ کے امیدوار کو دو ساتھیوں سمیت فائرنگ کرکے ہلاک کردیا گیا تھا۔
XS
SM
MD
LG