رسائی کے لنکس

کراچی میں ٹارگٹ کلنگ جاری


وزیراعلیٰ سندھ نے امن وامان کی صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شہرکے اپنے دورے میں سیکورٹی کی بہت سی خامیاں نظر آئیں ۔

کراچی میں منگل کو بھی فائرنگ اور ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں 5افراد ہلاک ہوگئے ۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک پولیس اہلکار بھی شامل ہے۔ ادھر ٹارگٹ کلنگ کے واقعات اور شہر میں روز بہ روز بگڑی ہوئی امن و امان کی صورتحال پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ دوسری جانب پولیس نے لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے ایک مبینہ ٹارگٹ کلرشاہد حسین کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

منگل کی صبح اورنگی ٹاون میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ ایک سیاسی جماعت کا کارکن شدید زخمی ہوگیاجسے نجی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

میٹروول کے علاقے سے بھی فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ فائرنگ سے ایک سیکورٹی گارڈ ہلاک ہوگیا جبکہ گلبہار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک پولیس اہلکارہلاک کردیا گیا۔ پولیس بلدیہ قائم خانی کالونی میں فائرنگ سے ایک تیس سالہ شخص زندگی کی بازی ہار گیا۔

ادھر بھینس کالونی اور جمشید روڈ پر بھی فائرنگ سے دو افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ملیں ہیں۔ پولیس نے سائٹ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار سے تعلق رکھنے والے مبینہ ٹارگٹ کلرشاہد حسین عرف درندہ کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ملزم نے قتل کی 30 سے زائد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔اس کے قبضے سے ایک ہینڈ گرنیڈ ، ایک کلاشنکوف، ایک ماوٴزر برآمد ہوا ہے۔

وزیراعلیٰ کی برہمی
مذکورہ صورتحال پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ اپنی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے امن وامان کی صورتحال پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں شہرکے اپنے دورے میں سیکورٹی کی بہت سی خامیاں نظر آئیں ۔

اجلاس میں پولیس، رینجرز ، خفیہ اداروں اور دیگر اعلیٰ سطح کے افسران نے بھی شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ ٹارگٹ کلرز او بھتہ خوروں کے خلاف موثر کاروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام پولیس افسران اور اہلکار اپنی ذمے داریاں احسن طریقے سے نبھائیں۔ کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
XS
SM
MD
LG