رسائی کے لنکس

کراچی: دھماکے میں کم ازکم پانچ افراد ہلاک


دھماکے سے قریب ہی کھڑی ایک اور بس کی چھت اڑ گئی جبکہ کچھ دوسری گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔

پاکستان کے اقتصادی مرکز کراچی میں ہفتہ کی سہ پہر ایک دھماکے میں کم ازکم پانچ افراد ہلاک اور 40 سے زائد زخمی ہو گئے۔

شہر کے سب سے بڑے جناح اسپتال کی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سیمی جمالی نے بتایا کہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا مسافر بس میں ہوا لیکن اس کی نوعیت کے بارے میں تاحال کوئی واضح موقف سامنے نہیں آسکا ہے۔

دھماکے سے قریب ہی کھڑی ایک اور بس کی چھت اڑ گئی جبکہ کچھ دوسری گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے ۔

قبل ازیں یہ اطلاعات آرہی تھیں کہ شاید یہ دھماکا بس میں نصب سی این جی سیلنڈر کے پھٹنے سے ہوا تاہم بعد ازاں معلوم ہوا کہ بس میں گیس کا سلنڈر نصب نہیں تھا۔

دھماکے کے فوری بعد ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچ گئیں۔ دھماکا کینٹ اسٹیشن کے گیٹ کے بالکل سامنے رب نواز ہوٹل کے قریب ہوا۔

اس مقام سے مسافر بسیں اندرون ملک آتی جاتی ہیں۔ دھماکا خاصا شدید تھا جس کی گونج دور دور تک سنی گئی، کچھ عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹنے کی اطلاعات ہیں۔

کراچی میں حالیہ مہینوں کے دوران فائرنگ میں لوگوں کو قتل کیے جانے کے واقعات کے علاوہ بم دھماکوں کا سلسلہ بھی دیکھنے میں آیا ہے۔
رواں ماہ کے اوائل میں بھی ایک چائے کے ہوٹل پر دھماکا خیز مواد پھٹنے سے پولیس اہلکار سمیت دو افراد ہلاک ہوگئے تھے۔
XS
SM
MD
LG