رسائی کے لنکس

کراچی: بم دھماکوں کا مسلسل دوسرا دن، 15 لوگ زخمی


بدھ کو نارتھ ناظم آباد میں تین دھماکوں کے بعد جمعرات کو ایک مرتبہ پھر قصبہ کالونی میں دھماکے ہوئے، جن کے نتیجے میں 15سے زائد افراد زخمی ہوگئے

پچھلے کئی سالوں سے بیک وقت، کراچی کئی مسائل میں گھرا ہوا ہے۔

گذشتہ دو دنوں سے مسلسل دھماکوں کی گونج سنائی دے رہی ہے، تو ٹارگٹ کلنگ کے واقعات اپنی جگہ ایک سنگین مسئلہ بنا ہوا ہے۔ تمام کوششوں کے باوجود، پولیس اور دیگر سیکورٹی ادارے اسے روکنے میں ناکام رہے ہیں۔

تیسری جانب گینگ وار، ٹارگٹ کلنگ بھی سنگین سے سنگین تر ہوتی جا رہی ہے۔ یومیہ پیش آنے والے واقعات کی بنیاد پر، اعداد و شمار کا جائزہ لیں تو انکشاف ہوتا ہے کہ یہاں اوسطاً یومیہ چار، پانچ لوگ ٹارگٹ کلنگ کا شکار ہوجاتے ہیں۔

بدھ کو نارتھ ناظم آباد میں تین دھماکوں کے بعد، جمعرات کو ایک مرتبہ پھر قصبہ کالونی میں دھماکے ہوئے جن کے نتیجے میں 15سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکوں کامقصد مقامی اے این پی کارکن محمد علی کو نشانہ بنانا تھا۔

پولیس اور عینی شاہدین کے مطابق، قصبہ کالونی محمد پور میں محمد علی کے گھر کے باہر پہلے 2 دھماکے ہوئے، جس پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں نے فوراً کارروائی کرتے ہوئے موقع پر پہنچ کر اپنے فرائض انجام دینا شروع کردیئے، مگر تھوڑی ہی دیر میں تیسرا دھماکا ہوگیا۔

دھماکوں کے بعد، علاقے میں بھگدڑ مچ گئی اور تمام کاروبار زندگی مفلوج ہوگیا۔

دھماکوں سے، دو ایمبولینسوں کو بھی نقصان پہنچا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں 2 دھماکے ہوئے، جن میں ایک نصب بم کا اور ایک دستی بم کا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ’لینڈ مافیا‘ کے ساتھ مبینہ بھتہ وصولی تنازعات کا نتیجہ ہے۔
XS
SM
MD
LG