رسائی کے لنکس

کراچی دنیا کا سستا ترین شہر: سروے رپورٹ


کراچی کو 133 ممالک کے سروے کے بعد سستا ترین شہر قرار دیا گیا، جبکہ اس کے بعد آنے والے شہروں میں بنگلور، کراکس، ممبئی اور چنائے شامل ہیں۔ رپورٹ میں دنیا کے پانچ مہنگے ترین شہروں کے نام بھی شامل کئے گئے ہیں جن میں سنگاپور، پیرس، اوسلو، زیورچ اور سڈنی شامل ہیں

کراچی ۔۔۔برطانوی جریدے’ اکنامسٹ‘ کے ذیلی یونٹ ’اکنامسٹ انٹیلی جنس‘(ای آئی یو) کی مرتب کردہ ’ورلڈوائیڈ کوسٹ آف لیونگ رپورٹ 2015‘ کے مطابق، کراچی دنیا کا سستا ترین شہر ہے۔ یہ بات دنیا کے 133شہروں کے جائزے کے بعد سامنے والے اعداد و شمار کی بنیاد پر کہی گئی ہے۔

ای آئی یو نے امریکی شہر، نیویارک کو بنیاد بناتے ہوئے دنیا کے 133ملکوں کا سروے کیا، جن میں روزمرہ استعمال کی 160 اشیا کی قیمتوں کے تفصیلی جائزے کے ساتھ ساتھ خوراک و اجناس، ملبوسات، رہائشی مکانات کے کرائے، روزمرہ ضروریات کی چیزوں، ذاتی استعمال کی اشیاء، ٹرانسپورٹ، یوٹیلیٹی بلز اور سیر و تفریح پر ہونے والے اخراجات بھی شامل تھے۔

جنوبی ایشیاء کے چار سستے ترین شہر
سروے کے بعد اشیائے ضرورت اور سروسز کے لحاظ سے کراچی کو سستا ترین شہر قرار دیا گیا۔ کراچی کے بعد جن شہروں کا نمبر آتا ہے ان میں بنگلور، کراکس، ممبئی اور چنائے شامل ہیں۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ساوٴتھ ایشیا کے چار شہر سستے ترین ملکوں کی فہرست کا حصہ ہیں۔

پانچ مہنگے ترین شہر
رپورٹ میں دنیا کے پانچ مہنگے ترین شہروں کے نام بھی شامل کئے گئے ہیں۔ ان شہروں میں سنگاپور سرفہرست ہے، جبکہ بالترتیب پیرس، اوسلو، زیورچ اور سڈنی بعد کے نمبروں پر رہے۔گذشتہ سال بھی یہی پانچ شہر دنیا کے مہنگے ترین شہر قرار دیئے گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG