رسائی کے لنکس

کراچی: 43 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ ووٹنگ کا فیصلہ


الیکشن کمشین کے مطابق کراچی کے حلقہ این اے 250 میں پولنگ اسٹیشنوں کے نا مکمل نتائج کو کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ الیکشن کروائے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کراچی میں پولنگ کے دوران گڑبڑ اور بے ضابطگیوں کی شکایات کے بعد حلقہ این اے 250 کے 43 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ الیکشن کروانے کا اعلان کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کراچی کے حلقہ این اے 250 سے پولنگ کے دوران بدنظمی کی شکایات موصول ہوئیں، حلقے کے پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات پولنگ عملے کو جرائم پیشہ افراد نے ہراساں کیا اور انتخابی مواد اور سامان بھی چوری کرلیاگیا،جس کے بعد ان پولنگ اسٹیشنوں کے فیصلے کو کالعدم قرار دیتے ہوئے دوبارہ الیکشن کروائے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے ملک میں پرامن اور شفاف انتخابات منعقد ہونے پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس کے لیے قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ کراچی کے عوام نے مشکلات کے باوجود ہمت اور ذمے داری کا مظاہرہ کیا تاہم جن 43 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ ہوگی ان کی تاریخ کا اعلان جلد کردیاجائے گا۔

واضح رہے کہ کراچی کے حلقہ این اے 250 میں اہم سیاسی جماعتوں کی امیدواروں میں متحدہ قومی موومنٹ کی خوش بخت شجاعت، پی ٹی آئی کے امیدوار عارف علوی، جماعت اسلامی کے نعمت اللہ خان میں مقابلہ تھا ہیں۔

ہفتہ کو اس حلقے میں بعض پولنگ اسٹیشن پر ووٹنگ مقررہ وقت سے کئی گھنٹے تاخیر سے شروع ہوئی جب کہ بعض جگہوں پر بے ضابطگیوں کی شکایات بھی سامنے آئی تھیں۔
XS
SM
MD
LG